سپریم کورٹ کا اہم اقدام، خصوصی اینٹی کرپشن ہاٹ لائن قائم

اسلام آباد: (بیورورپورٹ)کرپشن کے خاتمے کیلئے سپریم کورٹ کااہم اقدام،خصوصی اینٹی کرپشن ہاٹ لائن قائم کر دی۔

اعلامیے میں کہا گیا اینٹی کرپشن ہاٹ لائن قائم کرنے کا مقصد عدلیہ کے احتساب اور فوری انصاف کی فراہمی کیلئے حائل رکاوٹیں دور کرنے کے عزم کی توثیق ہے، چیف جسٹس یحییٰ آفریدی بدعنوانی سے پاک ماحول کو فروغ دینے اور انصاف کے اصولوں کی پاسداری کیلئے پر عزم ہیں۔

سپریم کورٹ کے اعلامیے میں کہا گیا5ماہ میں 7633 نئے مقدمات دائر ،11779نمٹائے گئے،نئے ججوں کی تعیناتی سے فیصلوں میں مزید تیزی آئےگی،بطور چیف جسٹس یقین دلاتا ہوں سپریم کورٹ میں دائر مقدمے کا فیصلہ بہت جلد میرٹ پر ہوگا، کوئی سرکاری یا غیر سرکاری شخص کیس فکس کرنے، نقل کے حصول یا کسی بھی کام کیلئے رشوت طلب کرے تو فوری اطلاع دیں۔

اعلامیے کے مطابق چیف جسٹس رشوت اور سفارش پر عدم برداشت کی پالیسی پر عمل پیرا ہوں، رشوت طلب کرنے والے کی اطلاع دینے والے کا نام خفیہ رکھا جائے گا، شکایت پر فوری شنوائی ہوگی،رشوت مانگے جانے کی شکایت واٹس ایپ نمبر 03264442444 پر درج کرائیں، اینٹی کرپشن ہاٹ لائن رشوت، جانبداری یا کسی قسم بدعنوانی کی اطلاع دینے کیلئے محفوظ و خفیہ پلیٹ فارم ہے، انتقامی کارروائی کا کوئی ڈر نہیں۔