اوقاف کی اربوں مالیت کی پراپرٹی لیکن کرایہ بہت کم جمع ہوتا ہے: شافع حسین

لاہور (اپنے نمائندے سے) صوبائی وزیر اوقاف ومذہبی امور چوہدری شافع حسین کی زیر صدارت محکمہ صنعت و تجارت کے کمیٹی روم میں اجلاس منعقد ہوا جس میں محکمہ اوقاف و مذہبی امور کے معاملات کی ڈیجیٹائزیشن کے عمل کا جائزہ لیا گیا۔ سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر طاہر رضا بخاری نے ڈیجیٹائزیشن پراسیس کے بارے میں بریفنگ دی۔صوبائی وزیر کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ محکمہ اوقاف و مذہبی امور کی ڈیجیٹائزشن کا پہلا مرحلہ مکمل ہوچکا ہے جبکہ دوسرے مرحلے میں اوقاف کی پراپرٹیز کے رینٹ کی آن لائن کلیکشن شروع کی جائے گی۔ ڈیجیٹائزیشن کا دوسرا مرحلہ رواں سال دسمبر تک مکمل ہو جائیگا۔ صوبائی وزیر اوقاف چوہدری شافع حسین نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اوقاف کی اربوں روپے مالیت کی پراپرٹی ہے لیکن کرایہ بہت کم جمع ہوتا ہے۔صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ اوقاف کی پراپرٹی کا رینٹ بڑھانے کیلئے میکانزم بنایا جائے۔ اوقاف کی اربن اراضی کی مناسب اسیسمنٹ کی جائے اور تمام ریکارڈ ڈیجیٹائز کیا جائے۔ صوبائی وزیر نے ڈیجیٹائزیشن کے عمل کو تیزی سے آگے بڑھایا جائے اور محکمہ اوقاف کا اپنا آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ بھی ہونا چاہئے۔ ایڈیشنل سیکرٹری اوقاف نبیلہ جاوید،ڈی جی اوقاف ومذہبی امور خالد محمود سندھو اور متعلقہ افسران نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔