خواتین ججوں کی ثابت قدمی سے قانونی نظام مزید مضبوط ہوا: چیف جسٹس

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا ہے خواتین ججز کی ثابت قدمی سے قانونی نظام مزید مضبوط ہوا ،خواتین ججز کی ثابت قدمی اور دیانت داری آنے والی نسلوں کے لئے مشعلِ راہ ہے،عالمی یوم خواتین ججوں کے موقع پر اپنے پیغام میں چیف جسٹس نے کہاقانون کے شعبے میں خواتین کی گراں قدر خدمات، بالخصوص خواتین ججوں کے کردار کو تسلیم کرتے ہیں،اعلامیہ کے مطابق چیف جسٹس نے کہا خواتین جو قانون کی حکمرانی کو برقرار رکھنے اور عوام کو انصاف تک رسائی کی فراہمی میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں، عدلیہ کے شعبے میں خواتین کی بڑھتی ہوئی موجودگی نہ صرف صنفی مساوات کی علامت ہے بلکہ یہ اس حقیقت کو بھی اجاگر کرتی ہے پاکستان ایک ترقی پسند اور معتدل جمہوریت ہے جو اپنے شہریوں کی صلاحیتوں کو تسلیم کرتے ہوئے انہیں بروئے کار لانے کی کوشش کر رہا ہے،چیف جسٹس ے کہا اس سے عوام کے عدالتی نظام پر اعتماد میں اضافہ ہوتا ہے اور فیصلے کرنے کے عمل میں حقیقی شمولیت، انصاف پسندی اور وسیع تر نقطہ نظر کو فروغ ملتا ہے۔ خواتین ججز کی ثابت قدمی، دیانت داری اور انصاف کے لیے لگن نے نہ صرف ہمارے قانونی نظام کو مزید مضبوط کیا ہے بلکہ آنے والی نسلوں کےلئے مثالی معیار بھی قائم کیا ہے، ہم اس موقع پر انصاف کے شعبے میں صنفی مساوات کے فروغ میں ہونے والی پیش رفت کو تسلیم کرتے ہوئے فخر محسوس کرتے ہیں،عدلیہ عزم پر قائم ہے کہ وہ ایسا سازگار ماحول فراہم کرے جہاں خواتین وکلا کسی رکاوٹ کے بغیر ترقی کر سکیں، اپنے کردار کو موثر طریقے سے نبھا سکیں اور قیادت کر سکیں،چیف جسٹس نے مزیدکہا کہ آئیے ہم سب مل کر ایک ایسے عدالتی نظام کی تشکیل کےلئے کام کریں جو ہماری معاشرتی تنوع اور مضبوطی کا حقیقی عکس ہو تاکہ انصاف تک رسائی محض ایک وعدہ نہ رہے بلکہ ہر شہری کے لیے ایک حقیقی اور یقینی حقیقت بن جائے۔