جنگ بندی مذاکرات کیلئے ہمارا وفد قاہرہ میں ہے: حماس

غزہ (مشرق نیوز) حماس کے دو سینئر عہدیداروں نے بتایا ہے کہ حماس کا ایک اعلی سطحی وفد غزہ میں ایک نازک جنگ بندی کو مزید جاری رکھنے کی کوششوں کو آگے بڑھانے کیلئے قاہرہ میں تھا۔عرب ٹی وی کے مطابق ایک اہلکار نے بتایاکہ یہ وفد مصری حکام سے ملاقات کریگا تاکہ تازہ ترین پیشرفت پر تبادل خیال، جنگ بندی کے معاہدے پر عملدرآمد میں پیشرفت کا جائزہ لینا اور معاہدے کے دوسرے مرحلے کے آغاز سے متعلق معاملات کو حل کرنا ممکن ہو۔انہوں نے کہا کہ مصری ثالثین کے ساتھ مذاکرات کے دوران حماس کا وفد مطالبہ کریگا کہ اسرائیل معاہدے پر عملدرآمد، دوسرے مرحلے کیلئے مذاکرات شروع کرے اور غزہ کی پٹی میں انسانی امداد کو ممکن بنانے کیلئے سرحدی گذرگاہیں کھولے۔دوسرے اہلکار نے کہاکہ فلسطینی مزاحمتی گروپ ایک مستقل اور مکمل جنگ بندی کو یقینی بنانے والے جامع معاہدے کا خواہاں ہے۔انہوں نے کہاکہ دوسرے مرحلے کیلئے حماس کے مطالبات میں غزہ سے مکمل اسرائیلی انخلا، ناکہ بندی کا خاتمہ، علاقے کی تعمیر نو اور قاہرہ میں رواں ہفتے ہونے والے عرب سربراہی اجلاس کے فیصلوں کی بنیاد پر مالی معاونت شامل ہیں۔