ٹڈاپ کرپشن کیس: یوسف رضا گیلانی سمیت 40 ملزم 3 مقدمات میں بری

کراچی: ( ) اینٹی کرپشن عدالت نے ٹڈاپ کرپشن کیس کے 3 مقدمات میں چیئرمین سینٹ یوسف رضا گیلانی سمیت 40 سے زائد ملزمان کو بری کر دیا۔

جج نے یوسف رضا گیلانی سے مکالمے میں کہا آپ کے خلاف 3 مقدمات کا فیصلہ ہے چیئرمین سینٹ یوسف رضا گیلانی نے جواب میں کہا جی پتہ ہے۔

عدالت نے استفسار کیا آپ کس جیل میں جانا چاہیں گے، کراچی، ملتان یا اسلام آباد؟ یوسف رضا گیلانی نے جواب دیا مجھے جیل سے کوئی ڈر نہیں، ہمارے لیے جیل نئی بات نہیں ہے، چاہیں تو مجھے پھانسی دے دیں۔

اینٹی کرپشن کورٹ کے جج نے مسکراتے ہوئے کہا آپ کو گھر کی جیل کیوں پسند نہیں؟ یوسف رضا گیلانی نے کہا میرا آبائی گھر ملتان میں ہے، فیملی لاہور اور سینٹ آفس اسلام آباد میں ہے۔

عدالت نے ریمارکس میں کہا تو آپ بتائیں کورٹ تو کراچی میں ہے، چیئرمین سینٹ نے جواب دیا پھر کہا جائے گا ان کی جماعت کی سندھ میں حکومت ہے۔

عدالت نے کہا گیلانی صاحب آپ کے خلاف کوئی الزام ثابت نہیں ہوا، آپ بس با عزت بری ہیں، آپ کے خلاف گواہی دینے والے اب خود ملزم بن گئے ۔

بعدازاں وفاقی اینٹی کرپشن عدالت نے 3 مقدمات میں چیئرمین سینٹ یوسف رضا گیلانی سمیت 40 سے زائد ملزمان کو بری کر دیا۔