پیرس (مشرق نیوز) فرانس کے صدر عمانوئل ماکروں نے واضح کیا ہے کہ یوکرین کے بحران میں امریکا، یورپ کے ساتھ نہیں کھڑا ہے۔ فرانس کے صدر نے باور کرایا کہ ہمارا امن خطرے میں ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق ماکروں نے اپنے خطاب میں کہاکہ روسی خطرے نے یورپ میں سب کو لپیٹ میں لے رکھا ہے۔ انھوں نے روسی صدر ولادی میری پوتین پر یورپی انتخابات میں مداخلت کا الزام عائد کیا۔ ماکروں کا کہنا تھا کہ روس آئندہ پانچ برسوں کے دوران میں اپنے فوجیوں اور لڑائی کے ساز و سامان کی تعداد میں بڑا اضافہ کرے گا۔فرانس کے صدر کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں یوکرین کیلئے امداد پیش کرنے کا سلسلہ جاری رکھنا ہو گا تا کہ وہ مذاکرات میں طاقتور ہو ، ہار مان لینے سے امن نہیں ہو گا،یہ روس ہے جس نے 2014 میں یوکرین پر حملے کا آغاز کیا تھا۔ماکروں نے واضح کیا کہ روس کا اعتبار نہیں کیا جا سکتا، یوکرین میں امن یورپ کے بھی مفاد میں ہے، پیرس اپنے شراکت داروں کے ساتھ مل کر یوکرین میں امن کے حصول پر کام کر رہا ہے۔فرانس کے صدر نے انکشاف کیا کہ یوکرین میں امن کیلئے منصوبہ تیار کر لیا گیا ہے۔ یورپی ممالک پر لازم ہے کہ وہ امریکی مدد کے بغیر یورپ کیلئے تیاری کر لیں۔ماکروں نے اس جانب توجہ دلائی کہ یورپ کے مستقبل کا فیصلہ صرف امریکا میں نہیں ہو سکتا۔فرانس کے صدر کا کہنا تھا کہ وہ یورپ میں آئندہ اجلاس میں اہم فوجی فیصلے کریں گے۔ ان کا ملک یورپی یونین میں گولہ بارود کی پیداوار میں اضافہ کرے گا۔ ماکروں کے مطابق فرانس کی فوج یورپ میں سب سے زیادہ موثر ہے۔ماکروں کا کہنا تھا کہ مزاحمت میں بہادری کی ضرورت ہے اور ہمارا معیشت میں خود پر انحصار کرنا بھی ضروری ہے۔ انہوں نے فرانسیسی کمپنیوں پر زور دیا کہ وہ معیشت کی مضبوطی کیلئے حل پیش کریں۔ ماکروں نے باور کرایا کہ یورپ کسی بھی عالمی چیلنج کا مقابلہ کرنے کیلئے بڑی صلاحیتوں کا مالک ہے۔ماکروں کا یہ خطاب یورپی کونسل کے اجلاس سے قبل سامنے آیا ہے۔
یوکرین بحران میں امریکہ، یورپ کے ساتھ نہیں کھڑا : فرانسیسی صدر


















