بنوں،راولپنڈی،اسلام آباد:(بیورورپورٹ)سکیورٹی فورسز نے بنوں کے علاقے کینٹ میں بزدلانہ حملہ ناکام بنا کر 16 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا ،شدید جھڑپ کے دوران 5 بہادر فوجی مادر وطن پر قربان ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق خوارجی عناصر نے بنوں کنٹونمنٹ پرحملے کی کوشش کی،سکیورٹی فورسز نے فوری جوابی کارروائی کرتے ہوئے دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنا تے ہوئے تمام 16 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا، ہلاک دہشتگردوں میں4 خودکش حملہ آور بھی شامل ہیں۔
ترجمان پاک فوج نے کہاشدید جھڑپ میں5 بہادر جوان دشمن کا مقابلہ کرتے ہوئے شہید ہو گئے ،خودکش دھماکوں سے چھاونی کی دیوار کا ایک حصہ گر گیا، دھماکوں ،فائرنگ سے قریبی مسجد اور رہائشی عمارت متاثر ہونے سے 13بے گناہ شہری شہید ،32 زخمی ہو گئے۔
آئی ایس پی آر نے کہاخفیہ اطلاعات سے ثابت ہواحملے میں افغان شہری ملوث تھے، شواہد موجود ہیں حملے کی منصوبہ بندی اور قیادت افغانستان میں موجود خوارج سرغنوں نے کی،پاکستان توقع کرتا ہے افغان عبوری حکومت اپنی ذمہ داریاں نبھائے گی، توقع ہے افغان حکومت اپنی سرزمین پاکستان کےخلاف استعمال ہونے سے روکے گی۔
ترجمان پاک فوج نے کہا پاکستان سرحد پار سے آنے والے خطرات پر ضروری اقدامات کرنے کا حق محفوظ رکھتا ہے،سکیورٹی فورسز دہشتگردی کے مکمل خاتمے کےلئے پرعزم ہیں،بہادر سپاہیوں و معصوم شہریوں کی قربانیاں عزم کومزید تقویت دیتی ہیں، ہر قیمت پر اپنی قوم کی حفاظت کےلئے عزم مضبوط ہے۔
دوسری جانب صدر،وزیراعظم،وزیر داخلہ نے جان کا نذرانہ پیش کرنے والے 5 جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا بہادر جوانوں نے جوانمردی سے خوارجی دہشت گردوں کا مقابلہ کیا،مزاحمت کے دوران 4 خودکش حملہ آوروں سمیت 16 دہشتگردوں کا خاتمہ قابل تعریف ہے، سکیورٹی فورسز کے بہادر جوانوں نے اپنی جان پر کھیلتے ہوئے ملک کو بڑے نقصان سے بچایا، رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے والے بزدل دہشت گرد کسی رعایت کے مستحق نہیں، فتنہ الخوارج پاکستان ،معصوم شہریوں کے دشمن ہیں ،ناپاک عزائم کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے،فتنہ الخوارج کی مکمل سرکوبی تک جنگ میں پوری قوم اپنی سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
بنوں کینٹ پر ناکام حملے میں 16 دہشتگرد ہلاک ، 5 جوان شہید،منصوبہ بندی افغانستان میں ہوئی:آئی ایس پی آر

















