ملک سفارتی تنہائی سے نکل گیا،مخالفین کو ایٹمی قوت ہونا ہضم نہیں ہورہا،ڈار

اسلام آباد: (بیورورپورٹ) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے ملک سفارتی تنہائی سے نکل گیا، پاکستان سٹاک ایکسچینج بلندیوں کو چھو رہی ، ملک کو آگے لےکر جاناسب کی اجتماعی ذمہ داری ہے، معیشت کو ڈیفالٹ سے بچانا اور پاکستان کا ایٹمی قوت ہونا ہضم نہیں ہورہا،دشمن تو پاکستان کو ڈیفالٹ میں دیکھنا چاہتا ہے۔

اسلام آباد میں مسابقتی کمیشن آف پاکستان کی عمارت کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا معیشت کی بہتری کیلئے نوجوان اپنی صلاحیتیں بروئے کار لائیں، کارپوریٹ قانون میں بہتری کی گنجائش موجود ہے، کارپوریٹ لا ءاتھارٹی کو خودمختار ادارہ بنایا، ملک کو آگے لیکر جانا سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے،تاجر برادری سوچ رہی تھی اپنا کاروبار ختم کرکے بیرون ملکوں میں چلے جائیں، تمام سٹاک مارکیٹوں کے انضمام کے بعد پاکستان سٹاک ایکسچینج آج بلندیوں کو چھورہی ہے، 2013 سے 2017کے د رمیان ملک معاشی طور پر مستحکم ہو چکا تھا، پی ڈی ایم کی حکومت نے ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا، اب ملکی معیشت استحکام کی جانب گامزن ہے۔

وزیر خزانہ اورنگزیب نے کہا معیشت استحکام کی جانب گامزن ہے، بیرونی سرمایہ کاروں کیلئے پاکستان میں وسیع مواقع موجود ہیں، جدید ٹیکنالوجی کو مدنظر رکھتے ہوئے مستقبل کی پالیسیاں تشکیل دے رہے ہیں،

علی پرویز ملک نے کہا مسابقتی کمیشن کا معیشت میں اہم کردار ہے، مسابقتی کمیشن کی استعداد کار میں اضافہ کیا جارہا ہے، صارف کا تحفظ بہت ضروری ہے۔

چیئرمین کمپیٹیشن کمیشن کبیر احمد سدھو نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا نئے ہیڈ آفس کی بدولت سی سی پی کی استعداد کار میں اضافہ ہوگا اور ملازمین کو بہتر انداز میں ایک چھت تلے کام کرنے کا موقع ملے گا، اپنی بلڈنگ ہونے سے سی سی پی کو کرایہ کی مد میں بچت ہوگی، جس سے سپیشلائزڈ سٹاف کو بھرتی کیا جائےگا اور دیگر شہروں میں بھی سی سی پی کے دفاتر کھولے جائیں گے۔