سکیورٹی انتظامات مکمل، شرپسند عناصر کی سرکوبی یقینی بنائی جائے گی :آئی جی پنجاب

لاہور (کرائم رپورٹر) پنجاب پولیس نے رمضان المبارک کے دوران سکیورٹی انتظامات مکمل کرلئے۔لاہور سمیت صوبہ بھر کی 36ہزار 500سے زائد مساجد، 2179امام بارگاہوں، 444اقلیتی عبادت گاہوں کا سکیورٹی پلان فائنل کر لیا گیا ۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق مساجد، امام بارگاہوں، مذہبی مقامات کی سکیورٹی پر 75ہزار سے زائد پولیس افسران، اہلکار اور کمیونٹی رضا کار تعینات ہوں گے۔صوبائی دارالحکومت لاہور میں مساجد، امام بارگاہوں، مارکیٹوں پر 05ہزار سے زائد افسران اور اہلکار سکیورٹی ڈیوٹی انجام دیں گے، صوبہ بھر کی حساس مساجد، امام بارگاہوں پر 200سے زائد واک تھرو گیٹ، 12ہزار سے زائد میٹل ڈٹیکٹرز چیکنگ کے لئے استعمال کئے جائیں گے۔ اس حوالے سے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ گذشتہ رمضان المبارک کے سکیورٹی ایس او پیز سے مزید بہتر سکیورٹی پلان تشکیل دیا گیا، پولیس ملک دشمن عناصر پر کڑی نظر رکھے، مساجد، امام بارگاہوں، اہم مقامات کی سکیورٹی بڑھا دی جائے، علما کرام، مشائخ عظام ممبر و محراب سے بین المذاہب ہم آہنگی، بھائی چارے اور امن کا پرچار کریں۔ انہوںنے کہا کہ مساجد، امام بارگاہوں، مذہبی و اہم مقامات کے اطراف سرچ اینڈ سویپ آپریشنز جاری ہیں، سحر، افطار اور تراویح کے اوقات میں ڈولفن سکواڈ، پیرو، ایلیٹ ٹیمیں عبات گاہوں کے گرد موثر پٹرولنگ کریں، سیف سٹی اتھارٹی کے کیمروں کی مدد سے تمام سرگرمیوں کی مسلسل مانیٹرنگ کی جائے، آر پی اوز، ڈی پی اوز سکیورٹی انتظامات کا خود جائزہ لیں، مساجد منتظمین و امن کمیٹیوں کے ارکان سے رابطے میں رہیں۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پنجاب پولیس شہریوں کے تعاون سے رمضان المبارک کا پر امن انعقاد، شر پسند عناصر کی سرکوبی یقینی بنائے گی۔دریں اثناءڈاکٹر عثمان انور کی زیر صدارت راولپنڈی اور سرگودھا ریجنز کا انسداد کرائم اجلاس سنٹرل پولیس آفس پنجاب لاہور میں منعقد ہوا۔ آئی جی پنجاب نے راولپنڈی اور سرگودھا ریجنز میں کرائم کنٹرول، لا اینڈ آرڈر اور سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا۔ اجلاس میں آر پی او راولپنڈی بابر سرفراز الپا، آر پی او سرگودھا ڈاکٹر شہزاد آصف خان، سی پی او اور ڈی پی اوز نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے مساجد، امام بارگاہوں، مزارات، مارکیٹوں اور اہم مقامات کی سکیورٹی بڑھانے کا حکم دیا۔ آئی جی پنجاب نے لاءاینڈ آرڈر صورتحال یقینی بنانے کیلئے راولپنڈی ریجن کی کارکردگی کو سراہا جبکہ دونوں ریجنز میں چالاننگ، اشتہاری مجرمان کی گرفتاری اور ریکوری کی شرح غیر تسلی بخش قرار دی گئی۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ایف آئی آرز فوری رجسٹر کریں اور بےجا تاخیر کرنے والے ایس ایچ اوز کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائیں۔ آئی جی پنجاب نے آر پی او راولپنڈی کو 15کی کالز کی تصدیق کیلئے سائلین سے خود رابطہ کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔ گمشدہ خواتین، بچوں کی بازیابی اور زیادتی کیسز کے حل کیلئے اقدامات مزید تیز کریں۔ آر پی اوز، ڈی پی اوز 1787، سی ایم اور دیگر کمپلینٹ پورٹلز، پر سائلین کی خود داد رسی کریں۔ ڈی پی اوز آرگنائزڈ گینگز اور اشتہاریوں کی گرفتاری کیلئے تفتیشی افسران کے ساتھ ہفتہ وار ٹاسکنگ کریں۔ سپیشل انیشئیٹو پولیس سٹیشنز، لاجسٹکس، ٹرانسپورٹ کی باقاعدہ دیکھ بھال اور انسپکشن کریں۔ راولپنڈی اور سرگودھا کے سیف سٹیز اور سمارٹ پولیس سٹیشنز پراجیکٹس جلد از جلد مکمل کریں۔ شہریوں اور عوامی نمائندوں سے رابطہ بہتر بنا کر کمیونٹی پولیسنگ اینڈ انگیجمنٹ بڑھائیں۔ ایڈیشنل آئی جی آپریشنز پنجاب شہزادہ سلطان، ایڈیشنل آئی جی انویسٹی گیشن، ڈی آئی جی آپریشنز پنجاب وقاص نذیر اور اے آئی جی مانیٹرنگ اجلاس میں موجود تھے۔