پاکستان نے امریکہ سے افغان پناہ گزینوں کی آبادکاری کی پالیسی پر وضاحت مانگ لی

اسلام آباد (مشرق نیوز) پاکستان نے امریکہ سے دیگر ممالک میں موجود افغان پناہ گزینوں کی آبادکاری کے بارے میں پالیسی پر وضاحت طلب کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ افغانستان میں چھوڑے گئے امریکی ہتھیاروں کے مسئلے کو حل کرے۔

میڈیا میں شائع خبر کے مطابق دفتر خارجہ کے ترجمان شفقت علی خان نے ہفتہ وار میڈیا بریفنگ میں کہا کہ امریکہ نے افغانوں کی آبادکاری کا عمل معطل کر دیا لہٰذا ہم کوئی بھی فیصلہ کرنے سے پہلے اس نکتے پر مزید وضاحت کا انتظار کر رہے ہیں۔

دریں اثنا، پاکستان نے افغانستان میں بچ جانے والے امریکی فوجی سازوسامان کے حوالے سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مطالبے کی کھل کر حمایت کرنے سے گریز کیا ہے، تاہم عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اس مسئلے کو حل کرے اور متنبہ کیا کہ پاکستان میں دہشت گرد لاوارث ہتھیار استعمال کر رہے ہیں۔ شفقت علی خان نے کہا کہ عالمی برادری کو اس مسئلے سے نمٹنے میں مدد کرنی چاہئے۔

پاکستان طویل عرصے سے ان خدشات کا اظہار کرتا رہا ہے کہ 2021 کے انخلا کے دوران امریکی افواج کی جانب سے چھوڑے گئے ہتھیار اس کی سرزمین پر تشدد کو ہوا دے رہے ہیں، خاص طور پر ایسے وقت میں جب طالبان کے افغانستان پر قبضے کے بعد دہشت گردی میں اضافہ ہوا ہے، تاہم اسلام آباد کی جانب سے ابتدائی انتباہات کو واشنگٹن میں بہت کم پذیرائی ملی۔

شفقت علی خان کا کہنا تھا کہ امریکہ کی جانب سے چھوڑے گئے ہتھیاروں کا سوال ہمارے لیے ایک خاص وجہ سے تشویش کا باعث بنا ہوا ہے کہ ان ہتھیاروں کو دہشت گرد پاکستان کے اندر حملوں کیلئے استعمال کر رہے ہیں۔ صدر ٹرمپ نے اپنی دوسری مدت کا آغاز کرنے کے فورا بعد ہی اس معاملے پر بحث کو دوبارہ شروع کیا تھا، اور آتشیں اسلحے، مواصلاتی آلات اور بکتر بند گاڑیوں سمیت ایک اندازے کے مطابق 7 ارب ڈالر مالیت کے اثاثوں کی بازیابی کا مطالبہ کیا تھا۔

امریکی سامان کی بازیابی اہم چیلنج ہے، فوجی سازوسامان کا زیادہ تر حصہ ان کے خاتمے سے پہلے افغان نیشنل ڈیفنس اینڈ سیکیورٹی فورسز کو منتقل کر دیا گیا تھا، جس سے طالبان کو ان ذخیروں پر قبضہ کرنے کا موقع مل گیا، 7 ارب ڈالر مالیت کا یہ اسلحہ ان ہتھیاروں کے علاوہ ہے جو افغان فورسز کو دیے گئے تھے، ان ہتھیاروں کو دوبارہ حاصل کرنے یا غیر فعال کرنے کی لاجسٹک اور سفارتی پیچیدگیاں اہم رکاوٹیں کھڑی کرتی ہیں۔

طالبان نے امریکی مطالبات کو مسترد کر دیا ہے اور اس کے بجائے داعش سے نمٹنے کیلئے مزید جدید ہتھیاروں کا مطالبہ کیا ہے، جس سے علاقائی سلامتی کا منظر نامہ مزید پیچیدہ ہو گیا ہے۔ اگرچہ پاکستان ان ہتھیاروں پر تشویش کا اظہار کرتا ہے، لیکن وہ صدر ٹرمپ کے موقف سے ہم آہنگ ہونے کے بارے میں محتاط رہتا ہے، اور خدشہ ہے کہ یہ مسئلہ مزید بڑھ سکتا ہے۔

کچھ تجزیہ کاروں نے قیاس آرائی کی ہے کہ واشنگٹن ہارڈ ویئر کی بازیابی کیلئے فوجی آپشنز پر بھی غور کرسکتا ہے، ایک امکان جو خطے کو مزید غیر مستحکم کرسکتا ہے۔ چند روز قبل کنزرویٹو پولیٹیکل ایکشن کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے طالبان کے قبضے میں موجود فوجی اثاثوں کی بازیابی کے لیے حکمت عملی پر زور دیا تھا۔

شفقت علی خان نے کہا کہ افغانستان اور امریکہ کے درمیان جو کچھ بھی ہو رہا ہے وہ دو خودمختار ممالک کے درمیان کا معاملہ ہے، انہوں نے بڑھتے ہوئے سلامتی کے خطرے کے عالمی حل پر زور دیتے ہوئے پاکستان کے غیر جانبدار رہنے کے ارادے کا اشارہ دیا۔