ساہیوال:(بےورورپورٹ)کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے بارش کے پانی کی نکاسی کا جائزہ لینے کےلئے شہر کا دورہ کیا،کمشنر نے شہر کے مختلف علاقوں میں صفائی کے ناقص انتظامات اور پانی کھڑے ہونے پر اظہار ناراضگی کرتے ہوئے میونسپل کارپوریشن کو فوری اقدامات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا صدر بازار، گول چکر سمیت دیگر علاقوں سے پانی کی نکاسی کے فوری انتظامات کئے جائیں،شعیب اقبال سید نے سیشن کالونی کی دیوار کے ساتھ پڑے کچرے کو فوری اٹھانے کی بھی ہدایت کی۔
بعدازاں اپنے دفتر میں پسپ پروگرام اور میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کمشنر شعیب اقبال سید نے کہا فائیوویز چوک سے ٹینکی چوک تک لیاقت روڈ پر لگائے گئے بورڈز اور تجاوزات ختم کرائی جائیں، انہوں نے پاکپتن بازار میں ٹھیکیدار کی طرف سے ابھی تک کام شروع نہ کرنے پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے فوری کام شروع کرانے کی ہدایت کی،کمشنر نے پی ایچ اے حکام کو شہر کی خوبصورتی میں اضافے کےلئے اقدامات اٹھانے کی ہدایات بھی جاری کیں، اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے چیف آفیسر کارپوریشن شیخ اشفاق احمد نے بتایا منظور کالونی میں تجاوزات کےخلاف مہم جاری ہے اور اب تک 50فیصد کام مکمل کرلیا گیا ہے، جھال روڈ پر 80فی صد تجاوزات گرادی گئی ہیں، پسپ پروگرام کے سٹی منیجر اسجد خان نے کہا عیسیٰ نگری میں پائپ ڈالنے کا کام تیزی سے جاری ہے ۔
بارشی پانی کی نکاسی کے فوری انتظامات کیے جائیں:کمشنر ساہیوال

















