اسلام آباد :(بیورورپورٹ)آئینی بنچ نے سانحہ 9 مئی پر جوڈیشل کمیشن کی تشکیل کے معاملے پر پی ٹی آئی کو مزید دستاویزات جمع کرانے کی مہلت دے دی۔
جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں 5رکنی آئینی بنچ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی درخواست پر سماعت کی، عمران خان کے وکیل حامد خان نے 9 مئی واقعہ پر جوڈیشل کمیشن کی تشکیل پردلائل دیئے،جسٹس امین الدین خان نے استفسار کیا آپ کی درخواست میں استدعا کیا ہے؟ ،وکیل حامد خان نے کہا9 مئی واقعہ پر جوڈیشل کمیشن تشکیل دیا جائے،جسٹس علی مظہر نے ریمارکس دیئے سویلینز کے ملٹری ٹرائل پر استدعا تو آپ کی غیر موثر ہو چکی وہ تو الگ سے کیس چل رہا ہے، کیا 184 کی شق 3 میں جوڈیشل کمیشن کی تشکیل کا معاملہ دیکھ سکتے ہیں۔
وکیل حامد خان نے کہا 9 مئی قومی واقعہ ہے لیکن جوڈیشل انکوائری نہیں ہوئی،جسٹس علی مظہر نے استفسار کیا آپ نے ملٹری کورٹس میں سویلینز کے ٹرائل کیس میں کہیں جوڈیشل کمیشن کی استدعا کی ہے؟ حامد خان نے جواب دیا نہیں ،جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس میں کہا آپ نے اپنی درخواست میں لکھا ہے 9 مئی واقعہ میں درجنوں شہری جاں بحق ہوئے، کیا آپ نے 9 مئی کو جاں بحق ہونے والے کسی شہری کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ لگایا ؟ کوئی ایک سرٹیفکیٹ تو دکھا دیتے۔
جسٹس امین الدین خان نے سوال اٹھایا شہری ہلاکتوں کی کہیں کوئی پرائیویٹ شکایت درج ہوئی؟ کوئی ایک آدھ ایف آئی آر کرائی ہو وہی دکھا دیں، جسٹس حسن اظہر رضوی نے کہا 9 مئی واقعہ میں ہلاک شہریوں پر کوئی میڈیا رپورٹس ہی لگا دیتے،بعدازاں آئینی بنچ نے پی ٹی آئی کو مزید دستاویزات جمع کرانے کی مہلت دیتے ہوئے مزید سماعت غیر معینہ مدت ملتوی کر دی، دریں اثنا آئینی بنچ میں مبینہ انتخابی دھاندلی کی تحقیقات کیلئے بانی پی ٹی آئی اور شیرافضل مروت کی درخواستوں پر سماعت ہوئی، عدالت نے فوری طور پر اعتراضات ختم کرنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے کیس کے میرٹ پر تیاری کےلئے وکلا کو مہلت دے دی۔
9مئی جوڈیشل کمیشن تشکیل کیس،ہلاک کسی شہری کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ ہی دکھا دیں،آئینی بنچ

















