اسلام آباد:(بیورورپورٹ)اپوزیشن اتحاد کے سربراہ محمود اچکزئی نے کہاہے نظریہ ضرورت نے نظام کو برباد کر دیا،کوئی ملک ریاستی اداروں اور افواج کے بغیر نہیں چل سکتا۔
اسلام آباد میں اپوزیشن اتحاد کے زیراہتمام آئین کی بالادستی ،قانون کی حکمرانی کے عنوان پر قومی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے محمود خان اچکزئی نے کہا ملکی مسائل کی بڑی وجہ عوام کی حق حکمراتی میں عدم شمولیت ہے،انسان بنیادی طور پر حق کی حکمرانی میں حصہ چاہتا ہے،اگست 1947 کو ملنے والی آزادی کے ثمرات نیچے تک نہیں گئے ،اپنے لوگوں کو حق حکمرانی میں حصہ دار نہیں بنایا، حق مانگنے پر الزامات لگنے شروع ہو جاتے ہیں۔
سربراہ اپوزیشن اتحاد نے کہاسینکڑوں سال جیل ہوئی مگر پاکستان کےخلاف نہیں گئے، 8 فروری کے انتخابات میں آئین کی دھجیاں اڑائی گئیں، ملک میں حق حکمرانی چاہتے ہیں، حق صرف آئین کی حکمرانی سے ہی ملے گا۔
عوام پاکستان پارٹی کے سربراہ شاہد خاقان عباسی نے کہاکرکٹ میچ کےلئے پورا ملک بند ہوتا ہے، آئین کے معاملے پر بند کمرے میں کانفرنس ہورہی ہے، جلسہ نہیں مگر 3 بار کانفرنس کےلئے جگہ تبدیل کرنا پڑی،قانون کی بالا دستی نہیں ہو گی تو ملک نہیں چلے گا،بدقسمتی ہے بات نہیں کرنے دی جاتی، آئین کا لفظ حکومت کےلئے خوف کی علامت بن گیا،سیاسی جماعتوں میں ہمیشہ اختلاف ہوتا ہے، عدل کے نظام کی بات ہو گی تو سب اکٹھے ہیں،رات کے اندھیرے میں آئینی ترمیم ہوئی جو آئین کی روح سے متصادم ہے،عدل کے نظام کو ختم کر دیا گیا، چیف جسٹس بنچ نہیں بنا سکتا، آواز کو دبانے کےلئے پیکا قانون بنایا گیا۔
اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا کانفرنس روکنے کیلئے بھی حکومت نے آئین و قانون کی دھجیاں اڑائیں،سلمان اکرم راجہ کے اریسٹ وارنٹ آ گئے،پاکستان میں کوئی آئین و قانون کی بالادستی نہیں چاہ رہا۔
نظریہ ضرورت نے نظام برباد کردیا، اپوزیشن کے زیر اہتمام قومی کانفرنس

















