موثر تفتیش، اشتہاریوں کی گرفتاری ،بروقت چالان انصاف کا پہلا تقاضا ہے:آئی جی

لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیرصدارت انسداد کرائم جائزہ اجلاس سنٹرل پولیس آفس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں بہاولپور اور ڈیرہ غازیخان ریجنز میں کرائم کنٹرول، لا اینڈ آرڈر اور سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ ایڈیشنل آئی جی ساو¿تھ پنجاب محمد کامران خان، آر پی او بہاولپور رائے بابر سعید، آر پی او ڈی جی خان کیپٹن (ر) سجاد حسن خان اور متعلقہ اضلاع کے ڈی پی اوز نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔ آئی جی پنجاب نے زیر التوا چالانوں کا جائزہ لیتے ہوئے تکمیل میں حائل رکاوٹیں فوری دور کرنے کی ہدایت کی۔ ڈاکٹر عثمان انورنے کہا کہ موثر تفتیش، اشتہاری مجرموں کی گرفتاری اور بروقت چالاننگ انصاف کا پہلا تقاضا ہے۔ قتل، ڈکیتی اور اغوا سمیت سنگین جرائم کے اشتہاریوں کی گرفتاری کیلئے ٹاسک لسٹ تشکیل دیں۔ انویسٹی گیشن افسران کو اشتہاری مجرمان کی گرفتاری کیلئے پندرہ روزہ ٹارگٹس دیں اور باقاعدگی سے فالو اپ لیں۔ سی ایم کمپلینٹ، آئی جی کمپلینٹ 1787، ورچوئل وویمن پولیس سٹیشنز اور دیگر پورٹلز پر شکایات کے ازالے کی خود مانیٹرنگ کریں۔ دریں اثنا آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے یونیسکو کے زیر اہتمام نمنگان سٹیٹ یونیورسٹی کے طلبا و طالبات اور اساتذہ کرام کے 23 رکنی وفد نے سنٹرل پولیس آفس میں ملاقات کی۔اس موقع پر ڈی آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس غازی محمد صلاح الدین اور اے آئی جی ایڈمن اسد اعجاز ملہی سمیت سینئر افسران موجود تھے۔ازبک وفد کو پنجاب پولیس کے انفراسٹرکچر، پولیسنگ، جدید ٹیکنالوجی اور اصلاحات بارے آگاہ کیا گیا۔وفد کے شرکاءنے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمارا دوسرا گھر، دونوں ممالک دوستی اور محبت کے لازوال رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔پنجاب میں پرامن اور محفوظ ماحول میں شاندار تعلیمی، ثقافتی اور معاشی ترقی سے بے حد متاثر ہیں۔ پنجاب کے لوگ بے حد خوبصورت اور مہمان نواز ہیں اور بے مثال پذیرائی پرہم شکرگزار ہیں۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ ازبکستان اور صوبہ پنجاب میں مشترکہ اقدار، لازوال دوستی اور محبت کا مضبوط رشتہ قائم ہے۔دونوں ممالک کا تہذیب و تمدن، ثقافت، روایات اور آرکیٹیکچر تاریخی حیثیت رکھتے ہیں۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ وفد کو سی پی او کے شہدا و غازی والز، 1787 کمپلینٹ سنٹر، پولیس میوزیم، درسگاہ اور کانسٹیبلری لاوئج سمیت مختلف شعبوں کا دورہ کروایا گیا۔ازبک وفد اور پنجاب پولیس کے درمیان سوونیئرز کا تبادلہ بھی کیا گیا۔