اسلام آباد :(بیورورپورٹ)سویلینز کے ملٹری ٹرائل کیخلاف انٹراکورٹ اپیل پر سماعت کے دوران جسٹس مسرت ہلالی نے ریمارکس دئیے آرمی ایکٹ کے مطابق گٹھ جوڑ ثابت ہونے پر ملٹری ٹرائل ہو سکتا ہے،جج نے دوران سماعت سابق آرمی چیف جنرل (ر) قمرباجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع کے جسٹس منصور علی شاہ کے فیصلے کا حوالہ بھی دیا۔
دوران سماعت جسٹس مسرت ہلالی نے استفسار کیا 1962 کے آئین میں ایوب خان کا دور تھا کیا تب لوگوں کو بنیادی حقوق میسر تھے؟ ، ایڈووکیٹ عزیر بھنڈاری نے جواب دیا اس وقت بھی بنیادی حقوق اصلاًدستیاب نہیں تھے، سویلینز کی حد تک کریمنل دفعات پر ٹرائل عام عدالت ہی کر سکتی ہے، آرڈیننس میں بہت ساری دفعات تھیں جو آرمڈ فورسز کے حوالے سے تھیں۔
جسٹس جمال مندوخیل نے استفسار کیا یہاں تعلق سے کیا مراد ہے؟ وکیل بانی پی ٹی آئی نے کہا سوال یہ ہے آرمی ایکٹ خود کو سبجیکٹ کر سکتا ہے یا نہیں، کس قانون کے تحت کیا جا سکتا ہے وہ متعلقہ ہے یا نہیں، جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس میں کہا ٹو ون ڈی میں سویلینز کا تعلق کیسے بنایا گیا ؟۔
وکیل نے جواب دیا ٹو ون ڈی کے حوالے سے ایف بی علی کیس میں کچھ نہیں کہا گیا، ٹرائل دفعات پر نہیں سٹیٹس پر ہو گا،جسٹس حسن اظہر رضوی نے ریمارکس میں کہا محرم علی کیس اور راولپنڈی بار کیس میں دہشتگردی کی دفعات تھیں، فوجی تنصیبات پر حملہ ہوا ان کی سکیورٹی کسی آرمی پرسنل کے کنٹرول میں ہو گی، ان سے تحقیقات پولیس افسر کرے گا؟ جہاں ملٹری کی شمولیت ہو وہاں ملٹری کورٹ شامل ہوں گی؟
وقفے کے بعد سماعت دوبارہ شروع ہوئی تو وکیل بانی پی ٹی آئی نے دلائل جاری رکھتے ہوئے مو¿قف اختیار کیا کیس میں عدالت نے طے کرنا ہے قانون کو کس حد تک وسعت دی جاسکتی ہے، 21ویں آئینی ترمیم کے باوجود عدالت نے قرار دیا مخصوص حالات کے سبب ترمیم لائی گئی، آرمی ایکٹ کا سویلین پر اطلاق کرنے کےلئے آئینی تحفظ دینا پڑے گا،عزیر بھنڈاری نے دلیل دی فوجی کے حلف میں لکھا ہوتا ہے افسر کا حکم زندگی سے زیادہ ضروری ہے۔
جسٹس حسن رضوی نے کہا آپ کہہ رہے ہیں فوج دوران جنگ ہی جواب دے سکتی ہے، گھر پر حملے کا نہیں،جسٹس مسرت ہلالی نے بانی پی ٹی آئی سے متعلق اہم مکالمہ کیا جبکہ وکیل نے مو¿قف اپنایا ہمیں اس مائنڈ سیٹ سے نکلنا ہے فوج ہی سب کچھ کرسکتی ہے، کور کمانڈر ہاوس پر حملہ ہوا ڈیفنڈ کیوں نہیں کیا گیا،جسٹس مسرت ہلالی نے ریمارکس دیئے آپ ایک بات کررہے ہیں، آپ کے مو¿کل دوسری بات کرتے ہیں، آپ کا مو¿کل کہتا ہے جن کے پاس اختیارات ہیں، ان سے بات کروں گا۔
وکیل نے موقف اختیار کیا کمرہ عدالت سے جو باہر ہے اس پر بات نہیں کروں گا، جسٹس مسرت ہلالی نے ریمارکس دیئے یہ سیاست کی بات نہیں، حقیقت کی بات ہے،جسٹس امین الدین خان نے استفسار کیا کیا کسی ممبر اسمبلی نے آرمی ایکٹ کےخلاف اسمبلی میں آواز اٹھائی ؟ کیا کوئی رکن اسمبلی آج تک آرمی ایکٹ کےخلاف پرائیویٹ بل لایا ؟ وکیل عزیر بھنڈاری نے استدلال کیا کہ اب معاملہ عدالت کے سامنے ہے۔
جسٹس مسرت ہلالی نے ریمارکس میں کہا مگر آرمی ایکٹ میں ترمیم کے مطابق تو گٹھ جوڑ ثابت ہونے پر سویلین کا ٹرائل ہوسکتا ہے، گٹھ جوڑ ثابت ہونے پر ٹرائل کا مطلب ملزم کا سٹیٹس نہیں جرم دیکھ کر ٹرائل ہوتا ہے،جسٹس علی مظہر نے وکیل بانی پی ٹی آئی سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا آپ نے اپنے دلائل میں کہا فوج عدالتی اختیارات استعمال نہیں کرسکتی، اب آپ کہہ رہے ہیں فوج اپنے لوگوں تک تو یہ اختیار استعمال کرسکتی ہے مگر سویلین کی حد تک نہیں، اگر فوج عدالتی اختیارات استعمال نہیں کرسکتی تو کسی کیلئے بھی نہیں کرسکتی، جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دیئے اگر آرمڈ فورسز میں لوگ آئین کے آرٹیکل 8(3) کے تحت آتے ہیں تو انہیں آرٹیکل 10 اے بھی حاصل نہیں، اسکا مطلب ہے انکا ٹرائل پھر چاہے جہاں مرضی ہو،جسٹس امین الدین خان نے ریمارکس میں کہا سلمان اکرم راجہ نے دلائل میں بھارت کا حوالہ دیا۔
سلمان اکرم راجہ نے کہا بھارت میں ملٹری ٹرائل کیخلاف آزادانہ ٹریبونل میں اپیل جاتی ہے، بھارت میں اپیل کا حق پارلیمنٹ نے قانون سازی کے ذریعے خود دیا یا عدالتی ہدایات تھیں،عزیر بھنڈاری نے جواب دیا مجھے علم نہیں، جسٹس علی مظہر نے کہا ہمارے سامنے کلبھوشن یادیو کی مثال موجود ہے، کلبھوشن کو خصوصی قانون سازی کے ذریعے اپیل کا حق دیا گیا، اپیل کا حق عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کے سبب دیا گیا۔
،جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دیئے میں نے ماتحت عدلیہ کے ججز سے متعلق ایک فیصلے میں تجویز دی، میری تجویز پر ہائیکورٹ کے ججز کی کمیٹی بنی اور ماتحت عدلیہ کے ججز کے انٹرویو شروع ہوئے،جسٹس نعیم اختر افغان نے کہا سابق آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کا کیس بھی موجود ہے، آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کا قانون نہیں تھا، سپریم کورٹ کی ہدایات پر پارلیمنٹ نے آرمی چیف کی توسیع کیلئے قانون سازی کی
جسٹس امین الدین خان نے ریمارکس دیئے تب ایک نوٹیفکیشن کیلئے سب سر جوڑ کر بیٹھ گئے ایک کے بعد دوسرا نوٹیفکیشن آرہا تھا یہ تو ہماری حالت تھی،کاغذ کا ٹکڑا نہیں لیکر جانے دیتے تو خط کہاں سے آجاتے ہیں؟ ، جسٹس مسرت ہلالی نے کہا ہاں ہاں آج کل تو خطوط کا تنازع بھی چل رہا ہے، آئینی بنچ نے سماعت ملتوی کردی۔
ایک نوٹیفکیشن کیلئے سب بیٹھ گئے،سپریم کورٹ میں باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع کا تذکرہ

















