عدلیہ سے ناخوش،جلد باضابطہ تجاویزچیف جسٹس کو دینگے،پی ٹی آئی

اسلام آباد،سرگودھا: (بیورورپورٹ،ڈسٹرکٹ رپورٹر) پی ٹی آئی نے کہاہے حکومت کیخلاف چارج شیٹ بہت لمبی،عدلیہ سے ناخوش،جلد باضابطہ تجاویزچیف جسٹس کو دینگے،ملاقات سے پہلے 3 بار بانی پی ٹی آئی سے اجازت لی۔

اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے پی ٹی آئی رہنماوں کےساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا چیف جسٹس کو بتایا بانی اور بشریٰ کے مقدمات کی تاریخیں نہیں بتائی جاتیں، جیل مینوئل اور قوانین کی دھجیاں اڑائی جارہی ہیں، ورکرز کو جعلی ایف آئی آرز میں اندر رکھا ہوا ہے، سلمان اکرم راجہ نے لاپتہ افراد کا معاملہ چیف جسٹس کے سامنے رکھا۔

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا چیف جسٹس نے 10 نکاتی ایجنڈے پر تجاویز مانگی تھیں، چیف جسٹس کو ہم نے کہا آپ کے حکم پر کوئی عملدرآمد نہیں ہوتا اورتمام مسائل سے آگاہ کیا۔

سرگودھا کی انسداد دہشتگردی عدالت کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا چیف جسٹس سے ملاقات کے دوران تمام حالات سے آگاہ کر دیا، امید ہے پاکستان میں انصاف کا بول بالا ہوگا ، ہمارے اوپر جھوٹے مقدمات درج کرنے کا سلسلہ ابھی تک نہیں تھم سکا،موثر عدالتی نظام کےلئے پی ٹی آئی جلد اپنی تجاویز باضابطہ طور پرچیف جسٹس کو دیگی ، پی ٹی آئی کے پاس بہتر لیگل ٹیم موجود ہے ، جب تک عدالتی نظام میں بہتری نہیں آتی لوگوں میں غم و غصہ بڑھے گا۔