پنجاب کے تمام بڑے شہروں کےلئے سیوریج و نکاسی آب کا نیا نظام رائج

لاہور:( اپنے رپورٹر سے )پنجاب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ تمام بڑے شہروں میں سیوریج اور نکاسی آب کا نیا سسٹم رائج کیا جائے گا،وزیراعلیٰ مریم نوازنے پنجاب کے بڑے شہروں میں سیوریج اور نکاسی آب کیلئے سیوریج اور ڈرینج سسٹم کے میگا پلان کی منظوری دے دی۔

مریم نواز کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا،پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام پر تفصیلی بریفنگ ،پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام نافذ کرنے کی منظوری دی گئی، ایک لاکھ سے زائد آبادی والے189شہروں میں سیوریج ، واٹر ڈرینج، طوفانی بارش کے پانی کی فوری نکاسی ، گلیوں کی فرش بندی و دیگر ضروری ترقیاتی کام کیے جائیں گے،مریم نوازنے پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت ایک لاکھ سے زائد آبادی والے 189شہروں کےلئے پلان فوری طلب کر لیا۔

صاف پانی میں سیوریج لائن کے مکس ہونے کی شکایات کے ازالے کےلئے پینے کے صاف پانی کی لائن کو مناسب فاصلے پر متوازی بچھایا جائے گا،ہر صوبائی حلقے میں 30 ،30 کلو میٹر روڈز کی تعمیر وبحالی کی جائے گی۔

وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا ستھرا پنجاب پروگرام سے 15کروڑ عوام مستفید ہوں گے،سیوریج کاموثر نظام نہ ہونے کی وجہ سے ہر شہر میں مسائل کا سامنا ہے،سیوریج کا دیرپا اورمحفوظ سسٹم بنانے سے روڈز ٹوٹ پھوٹ سے محفوظ رہیں گے۔

دریں اثنا سماجی انصاف کے عالمی دن پر مریم نواز نے اپنے پیغام مےں کہا ہر مہذب معاشرے کی بنیاد ہی سماجی انصاف اور مساوات ہے، امیر غریب کی بڑھتی خلیج سے معاشرتی و سماجی مسائل جنم لے رہے ہیں،بدترین معاشی تفریق کو اب بے مثال مساوات میں بدلنا ہوگا، محروم طبقات کو قومی دھارے میں شامل کرنے کےلئے پالیسی بنانا ہوگی۔