ساہیوال میں ایگرو انڈسٹری کے قیام کی بہت گنجائش موجود ہے : کمشنر

ساہیوال (بےورورپورٹ)کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے کہا ہے کہ ساہیوال میں ایگرو انڈسٹری کے قیام کی بہت گنجائش موجود ہے اور مقامی صنعتکاروں کو چاہئے کہ وہ حکومت کی بزنس فرینڈلی پالیسیوں سے فائدہ اٹھائیں اور زیادہ سے زیادہ صنعتیں لگائیں۔ انڈسٹری کے قیام سے ہی ملک ترقی کریگا اور بے روزگاری کا خاتمہ ہوگا جس کیلئے اجتماعی کوششیں کی جانی چاہئیں۔ وہ یہاں ہاکی گرانڈ میں تین روزہ صنعتی نمائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے تھے جس میں کینیا کے سفیر پیٹرموگوبو نیرو، ڈپٹی کمشنر شاہد محمود، صدر ساہیوال چیمبر شیخ عظمت سلیم، سینئر نائب صدر چوہدری ناصر حمید، نائب صدر شیخ شکیل احمد، سابق صدور چیمبر رانا وسیم اختر، چوہدری ارشد حسین، شیخ محمد فیصل، چوہدری راشد حمید اور ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبران شیخ آصف، چوہدری محمد اجمل، رشید احمد ثاقب، مہر ثاقب رسول، عمران رئیس اور چوہدری سہیل سلیم سمیت مقامی صنعت کاروں اور شہریوں کی بڑی تعدد نے شرکت کی۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے صنعتی نمائش کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیا اور توقع ظاہر کی کہ مقامی صنعتکاروں کو اس نمائش سے اپنی پراڈکٹس کو مزید بہتر بنانے میں بڑی مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ ساہیوال ڈویژن آلو، مکئی، چاول اور گندم کی پیداوار میں ملک میں نمایاں حیثیت رکھتا ہے اسلئے یہاں ایگرو بیسڈ انڈسٹری کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے صدر ساہیوال چیمبر شیخ عظمت سلیم کے مطالبے پر نئی انڈسٹریل سٹیٹ کے قیام کیلئے جگہ فراہم کرنے کا وعدہ کیا اور کہا کہ صنعتکاروں کو عوامی فلاح و بہبود اور شہر کی ترقی کے منصوبوں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہئے۔ انہوں نے ”میڈ ان ساہیوال“ ڈائریکٹری بنانے کی بھی ہدایت کی تاکہ یہاں بنائی گئی مصنوعات کی بہترین مارکیٹنگ ہو سکے۔ نمائش میں 138سٹال لگائے گئے ہیں جن میں لیدر پراڈکٹس،فوڈ انڈسٹری، رئیل سٹیٹ، ڈیری مصنوعات اور برانڈڈ کپڑوں کے سٹال نمایاں ہیں۔دریں اثناءچیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان کی زیر صدارت تجاوزات کے خلاف جاری مہم کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید اور ڈپٹی کمشنر شاہد محمود نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے کہا کہ پنجاب بھر میں تجاوزات کے خلاف مہم کامیابی سے جاری ہے اور عوام نے مہم کی بھرپور حمایت کی، ازخود تجاوزات ختم کررہے ہیں۔ انہوں نے ساہیوال ڈویژن میں بہترین کارکردگی پر کمشنر شعیب اقبال سید کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ کمشنرساہیوال نے ڈویژن میں تجاوزات کے خلاف جاری مہم کو خوش اسلوبی سے ہینڈل کیا۔ اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے کمشنر شعیب اقبال سید نے بتایا کہ ساہیوال ڈویژن میں اب تک229بازاروں میں سے216بازار کلیئر ہو چکے ہیں۔ڈپٹی کمشنر شاہد محمود نے بتایا کہ ضلع ساہیوال کے تمام شہروں کے74میں سے61بازارتجاوزات سے پاک کردیے گئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ دیہاتوں میں بھی اپنی مدد آپ کے تحت تجاوزات گرائی جارہی ہیں۔