لاہور :( اپنے نمائند ے سے) سپیکرپنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے کہا ہے بانی پی ٹی آئی کا آرمی چیف کو خط لکھنے کا مطلب ترلے کرنے کی آخری حد ہے،خط کا مفصل جواب وصول کنندہ کی جانب سے آ چکا ہے، جن کو خط لکھا گیاانہوں نے کہا میں اس خط کو پڑھوں گا بھی نہیں،وزیر اعظم کو بھیج دوں گا،اگر خط وصول کنندہ نہیں پڑھیں گے تو وزیر اعظم بھی نہیں پڑھیں گے،یہ خط انہی خطوط کی ایک کڑی ہے،جب انکی صوبوں میں حکومت تھی اوروزیرخزانہ شوکت ترین ملک کوڈیفالٹ کرانے پر تلے ہوئے تھے۔
ملک احمد خان نے کہا ماضی میں ان کی پہلے بھی کوشش رہی کہ ملک ڈیفالٹ کا شکار ہوجائے،ان کا ایجنڈا صرف ایک تھا ملک ڈیفالٹ کرجائے،وہ پاکستان میں سیاسی عدم استحکام،عدالتوں میں تقسیم اورمعاشی عدم استحکام لانا چاہتے تھے،آج ان کے حالات دیکھ لیں عمر ایوب اب آئی ایم ایف کو خط لکھ رہے ہیں،معزز جج صاحبان کی سابق وزیراعظم کو گھر بھیجنے کی صورتحال سب کے سامنے ہے،کس طرح جج صاحبان نے 184/3کو 58ٹوبی کےساتھ مکس کیا،فرد واحد جب آئین کی شکل بگاڑتا ہے اور اس کو سپریم کورٹ سے حمایت مل جاتی ہے،میں ایاز صادق کی پارلیمنٹ کوسلام پیش کرتا ہوں، آج پوری دنیا میں ریٹ ٹیرف پر بات ہورہی ہے،آج دیکھیں بھارتی وزیر اعظم امریکہ میں بیٹھے ہیں اور ٹریڈ ٹیرف پر بات کررہے ہیں،بانی پی ٹی آئی اور حواری کی حرکتوں پر پریشان ہوں کہ آخران کاایجنڈا کیاہے،عمرایوب جوآئی ایم ایف کوخط لکھ رہے ہیں اس کی کیا وجوہات ہیں،معاشی اشارئیے درست سمت میں جانا شروع ہو گئے ہیں۔
عمران خان کا آرمی چیف کو خط ترلے کی آخری حد ہے: سپیکر پنجاب اسمبلی


















