ہرنائی دھماکہ،11مزدور جاں بحق، درندوں کو قیمت ادا کرنا پڑے گی،صدر،وزیراعظم

ہرنائی،اسلام آباد:(بیورورپورٹ)ہرنائی کے علاقے شاہرگ میں دھماکہ،11مزدور جاں بحق،متعدد زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق ہرنائی کے علاقے شاہرگ میں کوئلے کی کان میں کام کرنےوالے مزدوروں کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا،مزدور گاڑی میں کان سے بازار کی جانب جا رہے تھے، آئی ای ڈی کے ذریعے دھماکہ کردیا گیا،جاں بحق و زخمی ہونے والے زیادہ تر مزدوروں کا تعلق سوات ،شانگلہ سے ہے۔

متعدد زخمیوں کی حالت نازک ہونے کے باعث اموات میں اضافے کاخدشہ ہے،سکیورٹی اہلکاروں نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرلیے،علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیاگیا،ڈی سی ہرنائی نے کہا جاں بحق و زخمی افراد کوئلہ کانوں میں مزدوری کرتے تھے۔

ابتدائی تحقیقات سے ظاہر ہوتا ہے دھماکہ خیز مواد روڈ کنارے نصب تھا،بلوچستان حکومت نے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے کہاملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔

دوسری جانب صدر،وزیراعظم،وزیر داخلہ ودیگر سیاسی رہنماﺅں نے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہانہتے و معصوم شہریوں کی جان و مال کو نقصان پہنچانے والے درندوں کو بہت سخت قیمت ادا کرنا پڑے گی،جاں بحق مزدوروں کے لواحقین کے غم میں برابر شریک ہیں، ملک سے دہشتگردی کے خاتمے تک کوششیں جاری رکھیں گے،زخمیوں کو ہر ممکن طبی امداد فراہم کی جائے۔