ملک بھر میں شب برات آج نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جائیگی

لاہور (مشرق نیوز) ملک بھر میں شب برات آج نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جائیگی، آج شب برات کی مناسبت سے بابرکت محافل کا اہتمام کیا جائیگا اور رات بھر عبادات و نوافل ادا کئے جائیں گے۔ آج رات ملک بھر کی مساجد میں علما کرام اور مقررین شب برات کی فضلیت بیان کریں گے جبکہ لوگ اس رات اپنے پیاروں کی قبر پر فاتحہ خوانی بھی کریں گے۔

شعبان المعظم کا مہینہ برکتوں سے بھرا ہوا ہے لیکن اسکی 15 ویں رات جو شب برات کے نام سے مشہور ہے خاص اہمیت رکھتی ہے، ”شب“ کے معنی رات اور”برات“ کے معنی چھٹکارے کے ہیں، یہ رات اللہ رب العزت کی رحمتوں اور مغفرت کا خاص موقع ہے۔

روایات کے مطابق اس رات اللہ تعالیٰ قبیلہ بنوقلب کی بکریوں کے بالوں کی تعداد سے زیادہ گناہ گاروں کی بخشش فرماتا ہے، اس رات کائنات کے تمام امور جیسے عروج و زوال، کامیابی و ناکامی اور رزق میں وسعت و تنگی کی فہرست مرتب کی جاتی ہے اور فرشتوں کو ان کے کاموں کی تقسیم کردی جاتی ہے۔

خصوصی عبادات کا سلسلہ آج پوری رات جاری رہیگا، خاص طور پر بعد نماز مغرب 6 نفل ادا کئے جائیں گے، مسلمان اللہ کے حضور گناہوں کی توبہ، بخشش، ایمان، رزق کی کشادگی اور عالم اسلام بالخصوص پاکستان کی سلامتی کیلئے دعائیں کریں گے۔ اللہ تعالیٰ شب برات کو یہ موقع فراہم کرتا ہے کہ بندے اللہ کی رحمتوں سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور اپنی زندگیوں میں بہتری کیلئے دعا کریں، یہ رات روحانی سکون اور اللہ کی رحمتوں کی طلب کا بھی ذریعہ ہے۔