9 مئی کو حد کردی گئی اب آپ کو بنیادی حقوق یاد آگئے؟،آئینی بنچ

اسلام آباد: (بیورورپورٹ)خصوصی عدالتوں میں سویلین ٹرائل کیخلاف انٹراکورٹ اپیلوں پر سماعت کے دوران جسٹس مسرت ہلالی نے ریمارکس دئیے 9 مئی کو حد کردی گئی اب آپ کو بنیادی حقوق یاد آگئے ۔

جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں 7 رکنی آئینی بنچ نے سماعت کی،جسٹس مسرت ہلالی نے پوچھا کیا آپ تسلیم کرتے ہیں 9مئی کا جرم سرزد ہوا؟۔

سلمان اکرم راجہ نے جواب گول کرتے ہوئے کہابنچ کی جانب سے بھارت میں کورٹ مارشل کےخلاف اپیل کا حق دینے کا سوال ہوا تھا، برطانیہ میں کورٹ مارشل فوجی افسر نہیں بلکہ ہائیکورٹ کی طرز پر تعینات ججز کرتے ہیں، کمانڈنگ افسر صرف سنجیدہ نوعیت کا کیس ہونے پر مقدمہ آزاد فورم کو ریفر کرسکتا ہے،جسٹس امین الدین خان نے کہا اپنا قانون دیکھنا ہے، برطانیہ کا نہیں، غیرضروری بحث ہے ،آپ وقت ضائع کر رہے ہیں۔

جسٹس مسرت ہلالی نے کہا زیر سماعت اپیلوں میں کالعدم شدہ دفعات بحالی کی استدعا کی گئی ، قانون کی شقوں کا جائزہ لینا ہے تو عالمی قوانین کو بھی دیکھنا ہوگا،جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کیس میں اصل سوال ہے موجودہ نظام کے تحت سویلین کا کورٹ مارشل ہوسکتا ہے یا نہیں؟،سلمان اکرم راجہ نے کہا سویلنز کا کورٹ مارشل کسی صورت میں بھی ممکن نہیں،جسٹس علی مظہر نے کہا برطانوی قانون تو وہاں کی فوج کے ڈسپلن کا ہے، موجودہ کیس میں تو جرم عام شہریوں نے کیا وہ اس پر کیسے اپلائی ہوسکتا ہے؟۔

سلمان اکرم راجہ نے کہا برطانوی قانون کی مثال ٹرائل کے آزاد ، شفاف ہونے کے تناظر میں دی ،جسٹس مسرت ہلالی نے کہا 9 مئی کو حد کردی گئی اب آپ کو بنیادی حقوق یاد آگئے ؟،سلمان اکرم راجہ نے کہا ملزموں کا آزاد عدالت اور فئیر ٹرائل کا حق ہے،جسٹس امین الدین خان نے کہا فیئر ٹرائل کےلئے آپ کو آرٹیکل 8تین سے نکلنا ہوگا،جسٹس جمال مندوخیل نے کہا آپ مفروضوں پر نہ جائیں،جسٹس علی مظہر نے کہاایسا نہیں کسی کو پکڑ کر خصوصی عدالت میں ٹرائل کریں گے، عام ایف آئی آر میں بھی محض الزام پر ملزم کو پکڑا جاتا ہے، آفیشل سیکرٹ ایکٹ کا پرانا قانون صرف جاسوسی کے خلاف تھا، آفیشل سیکرٹ ایکٹ میں ترمیم سے نئے جرائم شامل کیے گئے۔

جسٹس جمال مندوخیل نے کہا آرڈیننس کا تعلق ممبر آف آرمڈ فورسز سے نہیں ،سلمان اکرم راجہ نے کہا ٹو ون ڈی میں کبھی ریویو ہوا ہی نہیں پہلی مرتبہ کر رہے ہیں،جسٹس جمال مندوخیل نے کہا آپ 185 پڑھ لیں ،بہت سی چیزیں کلیئر ہیں،سلمان اکرم نے کہا دیکھنا جو شق شامل کی جا رہی ہے اس کا مستقبل میں کیا اثر پڑ سکتا ہے، ایک شق کی وجہ سے سویلینز کو فوجی عدالتوں میں لے جایا جا رہا ہے، پورا فریم ورک 1962 کے آئین سے مختلف ہو چکا ، جسٹس مسرت ہلالی نے کہا 21 ویں ترمیم کے وقت آپ کی پارٹی نے ملٹری کورٹس کی حمایت کی تھی،بعد ازا ں عدالت نے سماعت 18 فروری تک ملتوی کردی