لاہور (کرائم رپورٹر) لاہور میں شادی کی تقریب میں ناقص کھانا کھانے سے200سے زائد افراد کی حالت غیر ہوگئی جنہیں مختلف ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ،حکام نے فوری نوٹس لیتے ہوئے میرج ہال بند کر کے تھانے میں مقدمے کی درخواست دیدی ۔لاہور کے علاقے خیابان امین کے رہائشی شہری سرفراز نے اپنی شادی کی تقریب کے لیے نجی مارکی ستوکتلہ میں بکنگ کروا رکھی تھی۔تقریب میں مدعو کردہ 360 سے زائد مہمانوں میں سے 200سے زیادہ افراد کھانا کھانے کے بعد فوڈ پوائزنگ کا شکار ہوگئے اور انہیں فوری طور پر مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ متعدد افراد کی حالت تشویشناک تھی اور وہ علاج کے لیے مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔جنرل ہسپتال لاہور میں 9سے زائد افراد کی حالت تشویشناک اور وہ زیر علاج ہیں، رائیونڈ انڈس ہسپتال میں 27افراد کو تشویشناک حالت میں منتقل کیا گیا۔یونیورسٹی آف لاہور ہسپتال میں 7افراد کی حالت نازک ہے اور وہ ہسپتال میں زیر علاج ہیں، قصور ڈی ایچ کیو ہسپتال میں حالت غیر ہونے پر 10سے زائد افراد کو طبی امداد کیلئے لایا گیا جبکہ نارووال کے نجی اور سرکاری ہسپتالوں میں مجموعی طور پر 31افراد زیر علاج ہیں۔شہری سرفراز نے الزام عائد کیا ہے کہ مارکی کی انتظامیہ نے انتہائی ناقص اور غیر معیاری کھانا فراہم کیا جس کی وجہ سے اتنی بڑی تعداد میں مہمانوں کی حالت بگڑی۔اس واقعے کے بعد مقامی انتظامیہ نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ۔بعد ازاں فوڈ سیفٹی ٹیموں نے ہسپتال میں مریضوں ڈاکٹروں اور لواحقین سے ملاقات کی ۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید نے فوری نوٹس لیتے ہوئے میرج ہال بند کر کے مقدمہ درج کرو ا دیا ۔ ترجمان فوڈ اتھارٹی نے کہا کہ میرج ہال مالکان کے خلاف مقدمہ کے اندراج کیلئے متعلقہ تھانے میں استغاثہ جمع کروا دیا گیا۔ ہسپتال میں مریضوں کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے، ڈاکٹرز کے مطابق کھانا کھانے سے مریضوں کو متلی اور پیٹ خراب کی شکایت ہوئی۔ ہسپتال عملے کے مطابق تمام مریضوں کی حالت خطرے سے باہر ہے،تمام مریضوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی نے کہا کہ تفصیلی تحقیقات کیلئے نمونے جائے وقوعہ سے حاصل کر لیبارٹری بھجوائے جائیں گے۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے حکم پر فوڈ سیفٹی ٹیموں نے مریضوں اور لواحقین سے تفصیلی ملاقات کی۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید نے کہا کہ خوراک کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں،سخت کارروائی عمل میں لائی جائیگی، فوڈ سیفٹی کے معاملے پر پنجاب فوڈ اتھارٹی کے قوانین واضح ہیں، زیرو ٹالرینس پالیسی ہے۔
ستوکتلہ، شادی کی تقریب میں ناقص کھانا کھانے سے سینکڑوں افراد کی حالت غیر


















