اسلام آباد: (بیورورپورٹ)جسٹس نعیم الدین افغان نے ریمارکس دئیے پی ٹی آئی نے اپنے دور میں بڑی گرمجوشی سے آرمی ایکٹ قانون بنایا ،بنیادی حقوق دستیاب نہ ہوں اور کسی ایکٹ کے ساتھ ملا لیا جائے تو کیا بنیادی حقوق متاثر ہوں گے؟۔
جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں 7 رکنی آئینی بنچ نے فوجی عدالتوں میں سویلین کے ٹرائل پر انٹراکورٹ اپیل پر سماعت کی، سلمان اکرم راجہ نے موقف اپنایا آرمی ایکٹ بلیک ہول ہے، کوئی بھی ترمیم ہوئی تو بنیادی حقوق ختم ہو جائیں گے، قانون کے مطابق جرم کا تعلق آرمی ایکٹ سے ہونا ضروری ہے،جسٹس جمال مندو خیل نے استفسار کیا اگر آرمڈ فورسز کا کوئی شخص گھر بیٹھے جرم کرتا ہے تو کیا آرمی ایکٹ کا اطلاق ہو گا؟۔
سلمان اکرم راجہ نے موقف اپنایا مثال کے طور پر پنجاب میں پتنگ اڑانا منع ہے اگر کوئی گھر میں پتنگ اڑاتا ہے تو ملٹری کورٹ میں نہیں جائے گا،سویلین قانون لاگو ہوگا،جسٹس جمال مندو خیل نے استفسار کیا گھریلو مسئلہ ہے اگر پہلی بیوی کی مرضی کے بغیر دوسری شادی کر لی جائے تو کیا آرٹیکل تھری میں ڈال کر ملٹری کورٹ بھیجا جائے گا؟ سلمان اکرم راجہ نے کہا لیاقت علی کیس میں بھی یہی ہوا وہاں بھی آرٹیکل تھری کو شامل کیا گیا جہاں تک بات رہی بنیادی حقوق کی اس کے دروازے بند نہیں ہوں گے۔
جسٹس نعیم اختر افغان نے سلمان اکرم راجہ کو مخاطب کرکے کہا ہلکے پھلکے انداز میں کہہ رہا ہوں برا نہ مانیے گا، آپ کی سیاسی جماعت کےساتھ آجکل سیاسی وابستگی بھی ہے جب آپ کی سیاسی پارٹی کی حکومت تھی آرمی ایکٹ میں ایک ترمیم کی گئی، پارلیمنٹ نے بڑی گرم جوشی کےساتھ آرمی ایکٹ قانون بنایا،سلمان اکرم راجہ نے کہاتب پی ٹی آئی کا حصہ نہیں تھا میں تو ہمیشہ اپوزیشن والی سائیڈ پر رہا،جسٹس علی مظہر نے استفسار کیا کیا ٹو ون ڈی کی حیثیت پر ہر مرتبہ سپریم کورٹ جوڈیشل ریویو کیوں کرے؟ سلمان اکرم راجہ نے جواب دیا لیگل فریم ورک تبدیل ہوجائے تو عدالتی نظرثانی کی جا سکتی ہے،عدالت نے کیس کی سماعت جمعرات تک ملتوی کر دی، سلمان اکرم راجہ اپنے دلائل جاری رکھیں گے۔
پی ٹی آئی نے اپنے دور میں بڑی گرمجوشی سے آرمی ایکٹ قانون بنایا ،آئینی بنچ



















