اراکین پارلیمنٹ کی تنخواہوں ، الاونسز میں اضافے کابل منظور

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)اراکین پارلیمنٹ کی تنخواہوں اور الاونسز میں اضافہ، قومی اسمبلی نے ترمیمی بل کثرت رائے سے منظور کرلیا،بل کے تحت اراکین پارلیمنٹ کی تنخواہ اورمراعات وفاقی سیکرٹری کے برابر کردی گئیں، ایم این اے اورسینیٹرکی ماہانہ تنخواہ ومراعات 5 لاکھ 19 ہزارہوگی۔

سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کہا آپ لوگ پارلیمنٹ کو جعلی بھی کہتے ہیں اورخود سنجیدہ نہیں ہوتے جو رکن بڑھی ہوئی اضافی تنخواہ نہیں لینا چاہتا لکھ کردے، وزیرقانون اعظم نذیرتارڑ نے بھی کہا جو ممبران بڑھی ہوئی تنخواہ نہیں لینا چاہتے سپیکر آفس کو مطلع کردیں۔

دوسری جانب تنخواہوں میں اضافے کا مطالبہ کرنے والے اپوزیشن اراکین کے نام سامنے آگئے،تنخواہوں میں اضافے کو حرام قرار دینے والے شاہد خٹک بھی دستخط کرنے والوں میں شامل ہیں،اسمبلی ذرائع کے مطابق خاتون اول پیپلز پارٹی کی صاحبزادی آصفہ بھٹو سرکاری تنخواہ وصول نہیں کرتیں۔