عمران ، بشریٰ،گنڈاپور کی حفاظتی ضمانتوں میں توسیع
اسلام آباد،پشاور: (بیورورپورٹ)ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے عمران خان 6 اور بشریٰ کی ایک مقدمے میں ضمانت میں 25 فروری تک توسیع کردی۔
ایڈیشنل سیشن جج فضل مجوکا نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی،عمران خان کے وکیل خالد یوسف چودھری عدالت میں پیش ہوئے،جیل حکام کی جانب سے بانی پی ٹی آئی کی بذریعہ ویڈیو لنک حاضری پر جواب جمع نہ کرایا گیا،دوران سماعت معاون وکیل نے کہا عمران خان کی بذریعہ ویڈیو لنک حاضری نہیں لگوائی جا رہی، جج افضل مجوکا نے وکلا کو ہدایت کی اگلی سماعت پر دلائل دیں ،میں اسی مہینے ضمانتوں پر فیصلہ کروں گا، بعدازاں عدالت نے عبوری ضمانت میں 25 فروری تک توسیع کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔
ادھر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی حفاظتی ضمانت کی درخواست 5 مارچ تک منظور کر لی گئی،پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس صاحبزادہ اسداور جسٹس صلاح الدین نے علی امین گنڈاپور کی حفاظتی ضمانت کی درخواست پر سماعت کی،عدالت نے کہا قانون کے مطابق درخواست گزار کا پیش ہونا ضروری ہے، ہم اگلی تاریخ دےدیں گے لیکن حفاظتی ضمانت کیلئے درخواست گزار کو خود پیش ہونا ہوگا،بعدازاں عدالت نے علی امین گنڈا پور کی حفاظتی ضمانت کی درخواست 5 مارچ تک منظور کرتے ہوئے متعلقہ اداروں سے مقدمات کی تفصیلات طلب کرلیں۔

















