لاہور(قمر عباس)واسا گنج بخش ٹاﺅن ڈائریکٹر کی مجرمانہ غفلت سب ڈویژن راوی روڈ ایکسین اور ایس ڈی او کی ملی بھگت متعدد ملازمین کو گھر بیٹھے تنخواہوں کی ادائیگی ،6سے زائد نائٹ ڈسیلٹنگ گینگ کے ملازمین کا انتظامیہ کومبینہ بھتہ دینے کا انکشاف۔واسا ایم ڈی لاہور کے اعتماد کو ٹھیس پہنچاتے ہوئے واسا گنج بخش ٹاﺅن انتظامیہ کی جانب سے محکمہ کو مالی نقصان پہنچانے کی منصوبہ بندی اختیار کر رکھی ہے جس میں ڈائریکٹر کی مجرمانہ غفلت کے باعث سب ڈویژن راوی روڈ کے ایکسین اور ایس ڈی او کی ملی بھگت سے شہریوں کو نکاسی آب کی سہولیات کی فراہمی پر قائم کی گئی ڈسیلٹنگ ٹیم جو کہ 30سے زائد ملازمین پر قائم ہے۔ اس میں سے چند ایک ملازمین سے ساز باز کرتے ہوئے 6سے زائد سینی ٹیشن ورکرز سے مبینہ طور پر بھاری رشوت وصول کرتے ہوئے ان کو گھر بیٹھے ہی تنخواہوں کی ادائیگی کا انکشاف کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے مبینہ طور پر بابر، آصف ٹلی، فرانسس،عادل، بابا جی،عمران مسیح و دیگر شامل ہیں جو عرصہ سے بغیر محکمانہ ذمہ داریوں کی ادائیگی کے لاکھوں روپے کی وصولی کر رہے ہیں اور مبینہ طور پر راوی روڈ سب ڈویژن انتظامیہ کو فی کس 20ہزار روپے بھتہ کی ادائیگی کر رہے ہیں جس سے محکمہ کو ماہانہ لاکھوں روپے کا مالی خسارہ پہنچ رہا ہے۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ مختلف نوعیت کے اسٹیمیٹس میں بھی ہیرا پھیری کی جارہی ہے۔ گنج بخش ٹاﺅن ڈائریکٹوریٹ انتظامیہ کرپشن کی دوڑ میں ماضی کی طرح تاریخ رقم کرنے کی منصوبہ بندی اختیار کئے ہوئے ہے جبکہ ڈائریکٹر گنج بخش ٹاﺅن سیاسی شخصیات کے اثر وسوخ کی بنیاد پر کارکردگی زبانی جمع تفریق تک ہی محدود رکھے ہوئے ہے۔ ایکسین راوی روڈ حسنین کا کہنا تھا کہ ایسا کوئی معاملہ نہیں ہے آپکو کسی نے غلط خبر دی ہے باقی میں چیک کر لیتا ہوں۔
واسا گنج بخش ٹاﺅن ڈائریکٹر کی مجرمانہ غفلت، متعدد ملازمین کو گھر بیٹھے تنخواہوں کی ادائیگی

















