لاہور میں کرکٹ میچ، عوام کے صبر کا کڑا امتحان، سڑکیں بند، ٹریفک پولیس اہلکاروں سے جھڑپیں

لاہور (رپورٹ: شوکت مروت) لاہور شہر میں ہونیوالی سہ ملکی کرکٹ سیریز کے باعث ایک بار پھر عوام کا کڑا امتحان شروع ہوگیا۔ قذافی سٹیڈیم سے کھلاڑیوں کو ہوٹل لیکر آنے اور جانے کے ٹائم مال روڈ سمیت گردنواح کی تمام سڑکیں بند کردی جاتی ہیں جس کے باعث عوام ایمرجنسی ہو یا کوئی اور وجہ منزل مقصود تک نہیں پہنچ پاتے اور گھنٹوں ٹریفک جام میں پھنسے رہتے ہیں جس کے نتیجے میں ٹریفک وارڈنز کے ساتھ لڑائی جھگڑوں کا سلسلہ شروع ہوجاتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سہ ملکی کرکٹ سیریز کھیلنے کیلئے مال روڈ کے مقامی ہوٹل میں غیرملکی ٹیمیں ٹھہری ہوئی ہیں جن کی حفاظت کیلئے فول پروف سکیورٹی انتظامات کئے گئے ہیں۔ کھلاڑیوں کی پریکٹس کیلئے گراﺅنڈ تک لے جانے اور واپسی کے ٹائم پر انکے طے شدہ روٹ پر گاڑی و موٹر سائیکل تو ایک طرف پیدل چلنے کی بھی اجازت بھی نہیں ہے جبکہ دوسری طرف مال روڈ سمیت دیگر مختلف مقامات کے لوگ بروقت کہیں نہیں پہنچ پاتے۔ دونوں اطراف پنجاب پولیس اور ٹریفک پولیس کے افسران و ملازمین فرائض سرانجام دیتے ہیں۔ کھلاڑیوں کے گراﺅنڈ میں پہنچنے کے وقت اور واپس ہوٹل جانے تک کسی کو اس روٹ سے گذرنے نہیں دیا جاتا۔ گذشتہ روز بھی پاکستان اور نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے مابین میچ تھا جس کے باعث کرکٹ ٹیموں کی قذافی سٹیڈیم آمد اور واپسی تک لوگوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ اس سلسلے میں مختلف مقامات کے رہائشی افراد کا کہنا تھا کہ کرکٹ کی بحالی بہت اچھی بات ہے لیکن اس کیلئے عوام کی پریشانی کو کیوں نظر انداز کردیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قذافی سٹیڈیم کے ارد گرد رہنے والوں کا جینا دو بھر ہو گیا ہے، جب مرضی پولیس ٹیمیں چیک کرنے کیلئے رات گئے پہنچ جاتی ہیں، کوئی بیمار ہو یا سوگیا ہو اسے انکے سامنے حاضری دینا پڑتی ہے۔ کچھ عرصہ پہلے جب پی ایس ایل ٹورنامنٹ اور دیگر ٹیموں کے ساتھ میچ ہوئے تھے تو متعدد بار یہ سب کا ڈیٹا اکٹھا کر چکے تھے لہٰذا انکے پاس پہلے والی تمام معلومات کا ریکارڈ ہونا چاہئے، غریب دکاندار اور ٹھیلے لگانے والے جو روزانہ کی بنیاد پر بچوں کیلئے کچھ کما کر لے جاتے تھے وہ بھی پریشان ہیں۔ مقامی رہائشی انکی دی گئی ٹائمنگ کے دوران ایمرجنسی، آفس سے واپسی ہو یا بچوں کی کالج ،اکیڈمی سے اس دوران ناممکن ہوجاتی ہے۔ اسی طرح لوگوں کو دیگر بڑی پریشانی کا بھی سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ایک روز قبل گلبرگ کے قریب لوگوں نے تنگ آ کر ون وے سے گذرنے کی کوشش کی تو وہاں ڈیوٹی پر موجود ٹریفک پولیس وارڈنز اور پولیس اہلکار سے گرمی سردی بھی ہوئی۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ ملکی حالات پہلے ہی بہت کشیدہ ہیں، مہنگائی کا جن بے قابو ہو چکا ،لوگوں کو روٹی کے لالے پڑے ہوئے ہیں، پٹرول اتنا مہنگا ہو چکا ہے کہ مجبوری کے تحت گذارے کے لائق ڈلوایا جاتا ہے لیکن ٹورنامنٹ کے باعث جب روڈز بلاک کر دیئے جاتے ہیں تو منزل مقصور پر بروقت پہنچنے کیلئے دوگنا پٹرول خرچ کرنا پڑتا ہے۔ شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب سمیت دیگر ذمہ داران سے گذارش کی ہے کہ غیرملکی کھلاڑیوں کی فول پروف سکیورٹی بے شک ضروری ہے لیکن خدارا اپنی عوام کے بارے میں بھی تھوڑا سوچا جائے اور انکے مشکلات میںنہ ڈالا جائے تاکہ وہ سکھ کا سانس لے سکیں۔ دوسری طرف کرکٹ سریز کیلئے ڈیوٹی کے فرائض سرانجا م دینے کیلئے وارڈنز بھی کم پڑ گئے ہیں جس کی وجہ سے دوسرے شہروں سے اہلکار بلائے گئے ہیں جو یہاں ڈیوٹی دے رہے ہیں۔ ان میں سے ایک وارڈن کا کہنا تھا کہ لوگ تھوڑی دیر کیلئے کھڑا ہونے سے پریشان ہو رہے ہیں جبکہ میں دوسرے شہر سے آیا ہوں اور صبح سے کھڑا ڈیوٹی کر رہا ہوں مجھ سے زیادہ پریشان کون ہو سکتا ہے جبکہ ٹریفک پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ ٹریفک کی روانی میں کوئی مشکل پیش نہیں آ رہی۔ تمام افسران و وارڈنز اپنی ڈیوٹی احسن طریقے سے نبھا رہے ہیں، صرف ٹیموں کے گراﺅنڈ میں جانے اور واپسی کیلئے تھوڑی دیر ٹریفک روکی جاتی ہے اس کے بعد کھول دی جاتی ہے اور عوام کو اس بارے میں پیشگی آگاہ کیا جاتا ہے۔