جوڈیشل کمیشن کا اجلاس ملتوی کیاجائے،علی ظفر کاچیف جسٹس کو خط
اسلام آباد:(بیورورپورٹ)سپریم کورٹ میں 8 نئے ججز کی تعیناتی کیلئے جوڈیشل کمیشن کا اجلاس پیر کو چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت ہوگا۔
جوڈیشل کمیشن نے پانچوں ہائیکورٹس لاہور، کراچی، پشاور، اسلام آباد اور کوئٹہ کے سینئر ججز کے نام طلب کر لیے،فیصلہ ہوگا آیا تقرریاں فوری کی جائیں گی یا مزید مشاورت درکار ہے۔
دوسری جانب جوڈیشل کمیشن کے رکن اور سینیٹر علی ظفر نے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کو خط لکھ کر اجلاس ملتوی کرنے کا مطالبہ کردیا،سینیٹر علی ظفر نے خط میں موقف اختیار کیا جب تک اسلام آباد ہائی کورٹ میں ججز کی سنیارٹی کا معاملہ حل نہیں ہو جاتا اجلاس کو موخر کر دیا جائے، ججز کے حالیہ تبادلے سے ہائی کورٹ کی سنیارٹی لسٹ تبدیل ہو چکی ،عدالتی نظام پر اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔
خط میں مزید کہا گیا تبادلوں سے تاثر مل رہا انتظام بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ کی اپیلوں کےلئے خاص بندوبست ہے جب تک ججز کی سنیارٹی کا معاملہ حل نہیں ہوتا جوڈیشل کمیشن اجلاس کو ملتوی کرنا مناسب ہوگا تاہم اگر اجلاس کرنا ناگزیر ہے تو حالیہ تبادلہ شدہ ججز کو زیر غور نہ لایا جائے۔

















