اسلام آباد: (بیورو رپورٹ) پاکستان نے واضح کیا ہے کہ سعودی عرب میں فلسطینی ریاست بنانے کا اسرائیلی وزیراعظم کا بیان اشتعال انگیز، غیرسنجیدہ و ناقابل قبول ہے۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ اسرائیلی وزیراعظم کا بیان فلسطینی عوام کے حق خودارادیت، اپنی تاریخی و جائز سرزمین پر آزاد ریاست کے جائز حقوق کو بھی مجروح کرتا ہے، سعودی عرب کےساتھ یکجہتی کےساتھ کھڑے اور فلسطینی عوام کےلئے مستقل حمایت کو سراہتے ہےں، سعودی عرب کے غیر متزلزل موقف کو کمزور کرنے کی کوئی بھی کوشش اور فلسطینی کاز کے تئیں وابستگی کو غلط انداز میں پیش کرنا انتہائی افسوسناک ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان پختہ یقین رکھتا ہے، فلسطینی عوام کو 1967 سے پہلے کی سرحدوں پر مبنی آزاد و خودمختار ریاست کے قیام کا ناقابل تنسیخ حق حاصل ہے جس کا دارالحکومت القدس شریف ہو، فلسطینی عوام کوآبائی وطن سے بے گھر یا منتقل کرنے پر مبنی کوئی بھی تجویز قابل قبول نہیں، بیان بین الاقوامی قانون، اقوام متحدہ قراردادوں اور انصاف کے اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
نائب وزیراعظم نے کہاپاکستان فلسطینی کاز کےلئے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتا ہے اور فلسطینی عوام کے حقوق کی وکالت کرنے ،مسئلہ فلسطین کے منصفانہ، جامع و دیرپا حل کے حصول کےلئے سعودی عرب و عالمی برادری کے دیگر اراکین کےساتھ ملکر کام کرتا رہیگا۔ عالمی برادری اشتعال انگیز بیان کی مذمت کرے اور امن عمل کو نقصان پہنچانے کی مسلسل کوششوں کےلئے اسرائیل کو جوابدہ ٹھہرائے۔ دریں اثنا پاکستان، ایران نے غزہ کو خالی کرانے کی امریکی و اسرائیلی تجویز کو غیر منصفانہ قرار دیتے ہوئے دو ریاستی حل کو ہی واحد قابل عمل آپشن قرار دیدیا۔
وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ایرانی ہم منصب سید عباس عراقچی نے ٹیلیفونک رابطہ کیا، دونوں وزرا نے مشرق وسطیٰ کی صورتحال ، غزہ میں فلسطینیوں کی مسلسل حالت زار پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے فلسطینیوں کو بے گھر کرنے کی تجویز کو پریشان کن و غیر منصفانہ قرار دیا،اسحاق ڈار نے کہافلسطینی سرزمین فلسطینی عوام کی ہے اور سلامتی کونسل قراردادوں کے مطابق دو ریاستی حل ہی واحد قابل عمل و منصفانہ آپشن ہے،پاکستان 1967سے پہلے کی سرحدوں پر مبنی خود مختار فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت جاری رکھے گا جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو، اسحاق ڈار نے غیر معمولی او آئی سی اجلاس بلانے کیلئے پاکستان کی حمایت سے بھی آگاہ کیا، دونوں وزرا نے پیشرفتوں پر قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔
علاوہ ازیں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے مصری ہم منصب عبدالعاطی کو بھی ٹیلیفون کرکے غزہ میں ہونیوالی پیشرفت پر تبادلہ، او آئی سی وزرائے خارجہ کا غیرمعمولی اجلاس بلانے کیلئے حمایت سے آگاہ کیا۔ دونوں وزرائے خارجہ کے درمیان مستقبل میں قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق بھی کیا گیا۔ ترجمان وزارت خارجہ کے مطابق وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے فلسطینی عوام کیلئے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت اور مصر کےساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔
مزید برآں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے ترکیہ کے وزیر خارجہ ہاکان فیدان سے ٹیلیفونک رابطے میںغزہ کی تازہ ترین صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ اسحاق ڈار نے فلسطینی عوام کےساتھ پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا پاکستان 1967 سے پہلے کی سرحدوں پر مبنی آزاد و خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام کی مکمل حمایت کرتا ہے، فلسطینی زمین فلسطینیوں کی ملکیت ہے،دونوں وزرائے خارجہ نے اہم و سنگین مسئلے پر غور و خوض کےلئے اسلامی تعاون تنظیم (OIC) کے غیرمعمولی وزارتی اجلاس کے انعقاد کی حمایت اورقریبی رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا تاکہ فلسطینی عوام کے حقوق کے تحفظ کےلئے مشترکہ حکمت عملی اپنائی جاسکے۔
ریاض، قاہرہ: (مشرق نیوز) سعودی عرب نے اسرائیلی وزیر اعظم کا بیان سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ جبری بیدخلی منظور نہیں، فلسطینیوں کو جائز حق ملکر رہے گا، کوئی نہیں چھین سکتا۔
وزارت خارجہ سے جاری بیان میں کہا گیا صیہونی وزیراعظم کا فلسطینیوں کی جبری بے دخلی کا بیان غزہ میں سنگین جنگی جرائم سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے، فلسطینی کوئی پناہ گزین نہیں کہ اسرائیل جب چاہے کہیں اور منتقل کرے، صدیوں سے اپنی سرزمین پر رہ رہے ہیں، سعودی وزارت خارجہ نے کہا کہ فلسطینیوں کی نقل مکانی کو مسترد کرتے ہےں، دو ریاستی حل کے ذریعے بقائے باہمی کے اصول کو قبول کرنے سے ہی پائیدار امن حاصل کیا جاسکتا ہے، اسرائیلی تجویز کو مسترد کرنے پر اپنے برادر ممالک کا دل کی گہرائی سے شکریہ ادا کرتے اورہمسائیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
مصر نے اسرائیلی وزیراعظم کے بیان کو سعودی عرب کی خودمختاری کی خلاف قرار دیتے ہوئے 27 فروری کو قاہرہ میں ہنگامی عرب سمٹ طلب کرلی۔ مصری وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا اجلاس کا فیصلہ عرب ممالک بشمول فلسطین سے اعلیٰ سطح پر ہونے والی مشاورت کے بعد کیا گیا۔
متحدہ عرب امارات نے بھی اسرائیلی وزیراعظم کے بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے تجویز کو سختی سے مستردکردیا۔
اسرائیلی تجویزاشتعال انگیز و ناقابل قبول ہے، پاکستان ،فلسطینیوں سے حق کوئی نہیں چھین سکتا، سعودی عرب



















