مالدیپ،ہنگری،بنگلہ دیش کادہشتگردی کیخلاف پاک فوج کی قربانیوں کااعتراف

راولپنڈی :(بیورورپورٹ)مالدیپ،ہنگری کادہشتگردی کیخلاف پاک فوج کی قربانیوں کااعتراف،پیشہ وارانہ مہارت کو سراہا۔

آئی ایس پی آرکے مطابق میجر جنرل ابراہیم ہلمی نے آرمی چیف سید عاصم منیر سے ملاقات کی ،دوطرفہ دفاعی تعاون و علاقائی سلامتی کی صورتحال ،باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا،پاکستان ،مالدیپ کے درمیان بھائی چارے ،دوستی کے پائیدار بندھنوں پر اطمینان کا اظہار ،اہم علاقائی امور پر اپنے مشترکہ نقطہ نظر پر زور دینے کےساتھ باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے کا اعادہ کیا گیا،مالدیپ کے چیف آف ڈیفنس فورسز نے پاک فوج کی پیشہ وارانہ مہارتوں کو سراہا۔

بنگلہ دیش کی بحریہ کے نیول چیف ایڈمرل نظم الحسن نے بھی جی ایچ کیو راولپنڈی میں چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر سے ملاقات کی،باہمی دلچسپی کے امور اور موجودہ علاقائی سلامتی کے ماحول پر تبادلہ خیال کیا گیا، ایڈمرل نظم الحسن نے علاقائی امن و استحکام کےلئے پاکستان کی نمایاں خدمات کو سراہا، آئی ایس پی آر کے مطابق ایڈمرل نظم الحسن نے کثیر القومی میری ٹائم مشق امن 2025 اور امن ڈائیلاگ کے انعقاد کو سراہا،خطے میں امن و استحکام کےلئے مسلح افواج کے کلیدی کردار کا اعتراف کیا۔

قبل ازیں ہنگری کے نائب وزیردفاع تھامس ورگھا نے جوائنٹ سٹاف ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی کا دورہ کیا اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا سے ملاقات کی ،دونوں رہنماوں نے بدلتے علاقائی صورت حال پر تبادلہ خیال اوردفاع و سلامتی کے مختلف شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے کی اہمیت پر زوردیا ،ہنگری کے وزیردفاع نے دہشتگردی کےخلاف جنگ میں پاک فوج کی قربانیوں کا اعتراف کیا ۔