ترجمان سندھ حکومت،وزیر اطلاعات پنجاب آمنے سامنے، لفظی گولہ باری

کراچی،لاہور:(بیورورپورٹ،اپنے رپورٹر سے)ترجمان سندھ حکومت،وزیر اطلاعات پنجاب آمنے سامنے،ایک دوسرے پر لفظی گولہ باری،گربیان میں جھانکنے کامشورہ دےدیا۔

اپنے بیان میں ترجمان سندھ حکومت سعدیہ جاوید نے کہا عظمیٰ بخاری جھوٹ بولنے سے احتیاط کریں کہیں ایسا نہ ہو پیکا ایکٹ کی لپیٹ میں آجائیں، وزیر اطلاعات پنجاب شاید بھول رہی ہیں سچے ملکی و عوامی منصوبوں پر جھوٹی تختیوں ، دعوﺅں پر بھی پیکا ایکٹ لگ سکتا ہے،پاکستان میں تمام بڑے قومی و عوامی منصوبے پیپلز پارٹی قیادت کی مرہون منت ہے، شہید بھٹو نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا، دنیا نے مانا، ن لیگ نے تمغہ سجایا دنیا نے دیکھا، شہید بےنظیربھٹو نے ملک کو توانائی بحران سے نکالنے کےلئے تھر کول منصوبہ شروع کیا،ن لیگ کی جانب سے تھر کول منصوبے پر بھی ہاتھ صاف کرنے اور اپنا لیبل لگانے کی کوشش کی گئی۔

سعدیہ جاوید نے کہا صدر مملکت آصف زرداری نے ملکی ترقی کا ضامن سی پیک کا منصوبہ دیا، ن لیگ حق جتانے کی کوشش میں لگی رہتی ہے، گوادر پورٹ، کے پی کے کو شناخت سمیت اہم کارنامے و منصوبے پی پی نے شروع کیے،ن لیگ کب تک موٹر وے کو گاتی رہے گی۔

وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا سندھ کے جو حالات ہیں وہ دیکھ لیں، ریکارڈ دیکھ لیں، ن لیگ نے کتنے منصوبے بنائے ، ہر ایک کو اپنے گریبان میں جھانکنا چاہیے۔