سویلینز ملٹری ٹرائل کیس، غلط استعمال پر قانون کو کالعدم قرار نہیں دیا جا سکتا: آئینی بنچ

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ملٹری ٹرائل کیخلاف انٹراکورٹ اپیل پر سماعت کے دوران جسٹس جمال مندوخیل نے سوال اٹھایا کوئی شخص جو فوج کا حصہ نہ ہو صرف جرم کی بنیاد پر فوجی عدالت کے زمرے میں آ سکتا ہے؟ قانون کو غلط استعمال پر کالعدم قرار نہیں دیا جا سکتا۔

7 رکنی آئینی بنچ نے فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ملٹری ٹرائل کےخلاف انٹرا کورٹ اپیل پر سماعت کی،سینئر وکیل سلمان اکرم راجہ نے دلائل کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے موقف اپنایا ایف بی علی کیس 1962 کے آئین کے مطابق فیصلہ ہوا،جسٹس جمال مندوخیل نے استفسار کیا آرمی ایکٹ کے مطابق فوجی عدالتوں کے کیا اختیارات ہیں؟ کوئی شخص جو فوج کا حصہ نہ ہو صرف جرم کی بنیاد پر فوجی عدالت کے زمرے میں آ سکتا ہے؟۔

سلمان اکرم راجہ نے کہا ایف بی علی کیس میں بھی کہا گیا سویلنز کا ٹرائل بنیادی حقوق پورے کرنے کی بنیاد پر ہی ممکن ہے، جسٹس علی مظہر نے کہا ایف بی علی خود بھی ایک سویلین ہی تھے، ان کا کورٹ مارشل کیسے ہوا؟،سلمان اکرم راجہ نے کہا عدالت نے قرار دیا تھا بنیادی حقوق کی فراہمی ضروری ہے، عدالت نے قرار دیا تھا ٹرائل میں بنیادی حقوق کی خلاف ورزی نہیں ہوئی، ایف بی علی کیس میں آرمی ایکٹ کی شق ٹو ڈی ، ون پر بات ہوئی، ایف بی علی کیس میں کہا گیا صدارتی آرڈیننس کے ذریعے لایا گیا آرمی ایکٹ درست ہے، یہ بھی کہا گیا بنیادی حقوق کے تحت ریویو کیا جاسکتا ہے،جسٹس جمال مندوخیل نے کہا ایف بی علی کیس میں نیکسز کی کیا تعریف کی گئی، سلمان اکرم راجہ نے موقف اپنایا آرمڈ فورسز کو اکسانا اور جرم کا تعلق ڈیفنس آف پاکستان سے متعلق ہونے کو نیکسز کہا گیا، یہاں ایف بی علی کیس کو ایسے پڑھا گیا جس سے الگ عدالت قائم کرنے کی اجازت دینے کا تاثر قائم ہوا۔

جسٹس امین الدین نے کہا آپ مرکزی فیصلے کیخلاف دلائل دے رہے ہیں، سماعت دوبارہ شروع ہوئی تو جسٹس جمال مندوخیل نے استفسار کیا ہمارے آرمی ایکٹ جیسی سیکشن ٹو ڈی کیا دنیا میں کہیں ہے؟ سلمان اکرم راجہ نے جواب دیا میں نے بہت ریسرچ کی ایسی کوئی سیکشن دنیا میں نہیں، ہمارا آئین کا آرٹیکل 175 تین آزاد ٹرائل کو یقینی بناتا ہے، بھارت میں ہمارے آئین کے آرٹیکل 175 تین جیسی کوئی چیز شامل نہیں،جسٹس علی مظہر نے ریمارکس میں کہا آرمی ایکٹ کا اطلاق اس وقت ہوتا ہے جب سویلین آرمڈ پرسن کو اکسانے کی کوشش کرے، کیا آرٹیکل 10 اے صرف سویلین کی حد تک ہے یا اسکا اطلاق ملٹری پرسن پر بھی ہوتا ہے،جسٹس جمال مندوخیل نے کہا آپ صرف اپنے کیس تک محدود رہیں، ہم باقی سوالات کسی اور کیس میں دیکھ لیں گے، سلمان اکرم راجہ نے جواب دیا آرٹیکل 175 کی شق تین کا فائدہ سویلین اور آرمڈ فورسز دونوں کو دینا ہوگا،جسٹس امین الدین خان نے ریمارکس میں کہا ہمارا قانون الگ ہے، بھارت کا قانون الگ ہے، جسٹس جمال مندوخیل نے کہا سویلین اور ملٹری پرسنز دونوں پاکستان کے شہری ہیں،بعد ازاں ملٹری کورٹس کیس کی سماعت پیر تک ملتوی کردی گئی۔