اسلام آباد ہائیکورٹ ٹرانسفر ہونے والے 3 ججوں نے ذمہ داریاں سنبھال لیں

اسلام آباد(مشرق نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ میں ٹرانسفر ہونے والے تینوں ججوں نے ذمہ داریاں سنبھال لیں۔ ذرائع کے مطابق نئے تعینات ججوں کی عدالتوں میں لا افسران پیش ہوئے، ڈپٹی اٹارنی جنرل اور ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے جسٹس سرفراز ڈوگر کو ویلکم کیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں جسٹس سرفراز ڈوگر نے تین کیسوں کی سماعت کی، لاافسران اور سرکاری وکلا کے علاوہ کوئی وکیل عدالت میں پیش نہ ہوا۔ لاہور ہائیکورٹ سے آنے والے جسٹس سرفراز ڈوگر سینئر پیونی جج کیلئے مخصوص بنچ نمبر ٹو میں شامل ہیں۔

اس سے پہلے بنچ ٹو کی سربراہی کرنے والے جسٹس محسن اختر کیانی آج سے اسلام آباد ہائی کورٹ کے بنچ نمبر تھری کی سربراہی کریں گے۔

دوسری جانب صوبوں سے 3 ججوں کے اسلام آباد ہائیکورٹ تبادلے پر وکلا نے جزوی ہڑتال کی ہے، اسلام آباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کی جانب سے عدالتوں کا بائیکاٹ کیا گیا، صدر لاہور ہائیکورٹ بار نے بھی عدالتوں میں پیش نہ ہونے کا اعلان کیا۔