اسلام آباد: (بیورورپورٹ) آئینی بنچ کے سربراہ جسٹس امین الدین خان نے فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل کیخلاف انٹراکورٹ اپیل پر سماعت کے دوران ریمارکس دئیے کوئی دو رائے نہیں آئین سے منافی کوئی قانون برقرار نہیں رہ سکتا۔
سابق چیف جسٹس جواد ایس خواجہ کے وکیل خواجہ احمد حسین نے دلائل دیتے ہوئے کہا عام سویلین ملٹری ایکٹ کا سبجیکٹ نہیں، افواج پاکستان کے سول ملازمین پر آرمی ایکٹ کا اطلاق ہوتا ہے،جسٹس حسن اظہر رضوی نے استفسار کیا کیا ایئر بیسز پر حملہ کرنے پر آرمی ایکٹ کا اطلاق ہوتا ہے؟ جسٹس مسرت ہلالی نے استفسار کیا آرمی پبلک سکول پر دہشتگردحملہ ہوا اور 9 مئی پر احتجاج ہوا دونوں واقعات کے سویلین میں کیا فرق ہے؟۔
وکیل احمد حسین نے جواب دیا آرمی پبلک سکول پر دہشتگردی کا حملہ ہوا، اے پی ایس واقعہ کے بعد 21 ویں ترمیم کی گئی ، جسٹس مسرت ہلالی نے ریمارکس میں کہا اے پی ایس میں سارے سویلین بچے مارے گئے، ایڈووکیٹ خواجہ احمد حسین نے جواب دیا مقدمہ آئین سے باہر نہیں ، 9 مئی والوں کا ٹرائل ہو لیکن ملٹری نہیں۔
جسٹس امین الدین خان نے ریمارکس میں کہا کوئی دوسری رائے نہیں آئین سے منافی قانون برقرار نہیں رہ سکتا،سابق چیف جسٹس جواد ایس خواجہ کے وکیل خواجہ احمد حسین نے 9 مئی پر افواج پاکستان کے اعلامیے کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا آئی ایس پی آر نے 9 مئی واقعہ پر 15 مئی کو اعلامیہ جاری کیا ،عدالت نے ا ستفسار کیا کیا آپ کو اعلامیے پر اعتراض ہے؟۔
ایڈووکیٹ خواجہ احمد حسین نے جواب دیا میرا کوئی اعتراض نہیں، اعلامیے میں کہا گیا 9 مئی پر پورے ادارے میں دکھ اور درد پایا جاتا ہے، 9 مئی کے نا قابل تردید شواہد موجود ہیں، کور کمانڈر اجلاس اعلامیے کے بعد ملٹری ٹرائل میں فیئر ٹرائل کیسے مل سکتا ہے؟ جو خود متاثرہ ہو وہ شفاف ٹرائل نہیں دے سکتا،جسٹس امین الدین خان نے ریمارکس میں کہا بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کی مثال موجود ہے، کلبھوشن یادیو کیس میں صرف افواج پاکستان ہی متاثرہ نہیں ، جسٹس علی مظہر نے کہا آرمی ایکٹ کی شق ٹو ون ڈی ٹو کو کالعدم قرار دینے سے تو بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو جیسے واقعات میں ملٹری ٹرائل نہیں ہو سکے گا،ایڈووکیٹ خواجہ احمد حسین نے کہا عدالتی فیصلے میں کلبھوشن یادیو پر بات نہیں کی گئی۔
جسٹس حسن اظہر رضوی نے استفسار کیا مستقبل میں اگر کوئی ملک دشمن جاسوس پکڑا جائے تو ٹرائل کہاں ہوگا؟ خواجہ احمد حسین نے جواب دیا ٹرائل انسداد دہشت گردی کی عدالت میں ہوگا،جسٹس حسن اظہر رضوی نے مسکراتے ہوئے ریمارکس دیئے اچھا جی، جسٹس امین الدین خان نے کہا عجیب بات ہے قانون کی شق کو کالعدم بھی قرار دیا جائے اور یہ بھی کہا جائے سپیشل ریمیڈی والوں کو استثنیٰ ہے،وکیل جسٹس (ر) جواد ایس خواجہ نے کہا میں آگے بڑھنا چاہتا ہوں ،جسٹس علی مظہر نے استفسار کیا مستقبل میں کیا افواج پاکستان آرمی ایکٹ کا سیکشن ٹو ون ڈی ٹو استعمال کر سکتی ہیں؟۔
خواجہ احمد حسین نے جواب دیا یہ حقیقت ہے مستقبل میں ٹو ون ڈی ٹو کا استعمال نہیں ہو سکے گا، میں اپنے دلائل کو آگے بڑھانا چاہتا ہوں،فیلڈ جنرل کورٹ مارشل میں پسند کا وکیل کرنے کی اجازت نہیں، جسٹس مسرت ہلالی نے استفسار کیا کیا آپ ملزموں کا مقدمہ یہاں پر لڑ رہے ہیں جو ہمارے سامنے نہیں،خواجہ احمد حسین نے کہا فیلڈ جنرل کورٹ مارشل میں وکیل آرمی چیف کی اجازت سے ملتا ہے، آرمی چیف اجازت نہ دیں پسند کا وکیل نہیں ملتا، فیصلہ کوئی کرتا،کنفرم دوسری اتھارٹی کرتی ہے ایسے تو کنفرمنگ اتھارٹی ناٹ گلٹی کو گلٹی بھی کر سکتی ہے۔
جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس میں کہا ایف بی علی سمیت عدالتی فیصلوں سے کیسے انحراف کر سکتے ہیں؟ ایف بی علی کیس میں قانونی شقوں کو برقرار رکھا گیا، ایف بی علی فیصلے کی کئی عدالتوں میں توثیق کی گئی، 21 ویں ترمیم کا فیصلہ 17ججز کا ہے،100گنہگاروں کو چھوڑنے سے زیادہ ایک بے گناہ کو سزا دینا غلط ہے، میں خود دہشتگردی کا شکار ہوا، ججز کاقافلہ جا رہا تھا 5منٹ قبل بم دھماکہ ہوا، خدانخواستہ اگر حملہ کامیاب ہوتا تو 6ججز چلے جاتے اگر عدالتوں کے سامنے شواہد نہیں ہوں گے تو ملزم بری ہی ہوں گے پھر کہا جائے گا عدلیہ کا نمبر 250 نمبر پر آگیا،جسٹس حسن اظہر رضوی نے کہا بغیر شواہد کسی کو سزا نہیں دی جاسکتی، کوئی گواہی دینے نہیں آتا، کسی کے سامنے قتل ہو جائے پھر بھی وہ گواہی نہیں دیتا، گواہوں کو تحفظ نہیں دیا جاتا، قتل کیس میں 25 ،25تاریخیں تو وکیل لے جاتا ہے اور مقدمہ ملتوی ہوتا رہتا ہے،جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس میں کہا 21ویں آئینی ترمیم 4سال کیلئے ہوئی ،خصوصی عدالتیں بنیں، بتائیں اکیسویں ترمیم کا کوئی فائدہ ہوا؟،بعدازاں آئینی بنچ نے فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل کے فیصلے کیخلاف انٹرا کورٹ اپیلوں پر سماعت سوموار تک ملتوی کردی۔
9 مئی اور 16 دسمبر والے شہریوں میں کیا فرق ہے؟ آئینی بنچ

















