سرگودھا،لاہور :(بیورورپورٹ،کورٹ رپورٹر)9 مئی توڑ پھوڑ کیس میں عدم پیشی پر اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کے وارنٹ گرفتاری،9 مئی کو کلمہ چوک میں کنٹینر جلانے کے مقدمے میں پی ٹی آئی رہنماوں پر فرد جرم کیلئے 30 جنوری کی تاریخ مقرر کردی گئی۔
سرگودھا کی انسداد دہشت گردی عدالت میں 9 مئی کو میانوالی میں ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑ کیس پر سماعت ہوئی، اے ٹی سی کے جج نعیم شیخ نے کیس پر سماعت کی،عمر ایوب کی عدم پیشی پر عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس میں کہا عمرایوب مسلسل 3پیشیوں پر عدالت میں نہیں آئے،اپوزیشن لیڈر کی عدم پیشی کے باعث دیگر ملزموں پر بھی فرد جرم عائد نہ ہو سکی ، عدالت نے پی ٹی آئی کے سینئر رہنما عمر ایوب کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے اور سماعت30 جنوری تک ملتوی کردی۔
دوسر ی جانب 9 مئی کو کلمہ چوک میں کنٹینر جلانے کے مقدمہ میں پی ٹی آئی رہنماوں پر 30 جنوری کو فرد جرم عائد کی جائے گی،لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے ملزموں کیخلاف جیل ٹرائل پر سماعت کی، نامزد ملزموں یاسمین راشد، اعجاز چودھری اور محمودالرشید سمیت دیگر نے حاضری مکمل کرائی آئندہ سماعت پر نامزد 21 ملزموں پر فرد جرم عائد کی جائے گی۔
9 مئی توڑ پھوڑ کیس، عدم پیشی پر عمر ایوب کے وارنٹ گرفتاری


















