جدید زرعی تربیت کیلئے طلبا کو چین میرٹ پر بھیجا جائے: وزیراعظم

اسلام آباد، بھمبر (بیورورپورٹ+ نمائندہ مشرق) وزیراعظم شہباز شریف نے بھمبر میں دانش سکول سسٹم کا سنگ بنیاد رکھ دیا،وزیراعظم شہباز شریف نے بھمبر آزاد کشمیر کا دورہ کیا، وزیراعظم آزاد کشمیر بھی ساتھ تھے،دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے بھمبر آزاد کشمیر میں دانش سکول سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سسٹم کا سنگ بنیاد رکھا، دانش سکول سسٹم کے بچے اور بچیوں کے علیحدہ علیحدہ کیمپس ہوں گے،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہاایک سال کی ریکارڈ مدت میں سکول کا آغاز کیا جائے گا، دانش سکول سسٹم پسماندہ اور مستحق بچوں کے خوابوں کی تعبیر ثابت ہوگا، ایچی سن کالج میں نہ پڑھ سکنے والوں کی کمی دانش سکول پوری کرے گا،بچوں کے 100فیصد اخراجات وفاقی حکومت اٹھائے گی، آزاد کشمیر کے دیگر دو اضلاع میں بھی جلد دانش سکول سسٹم کا سنگ بنیاد رکھیں گے،شہباز شریف نے کہا مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت کے خاتمے تک کشمیریوں کی سفارتی اخلاقی مدد جاری رکھیں گے، کشمیریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، بھارت اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو حق خودارادیت دے،ادھر وزیر اعظم شہباز شریف نے چین میں زرعی شعبے کی تربیت کےلئے بھیجے جانے والے طلباکے انتخاب میں شفافیت اور میرٹ کو اولین ترجیح دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے پاکستانی طلبا و طالبات کی چین میں جدید زرعی تربیت کا پورا خرچ حکومت پاکستان اٹھائے گی،وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت چین میں جدید زراعت کی تربیت کے حصول کےلئے جانےوالے پاکستانی طلبا و طالبات کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا،اجلاس میں وفاقی وزرا احسن اقبال، رانا تنویر حسین، احد خان چیمہ، چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی،وزیر اعظم نے پورٹل کے ذریعے درخواستوں کی سکروٹنی کے دوران سلیکشن کے معیار پر پورا نہ اترنے والے طلبا و طالبات کی شکایات کے ازالے کےلئے کمیٹی بنانے کی ہدایت کی اور کہا چین پاکستان کا دیرینہ دوست ہے جس کی زرعی شعبے میں ترقی بے مثال ہے، دورہ چین کے دوران چینی قیادت سے زرعی شعبے میں پاکستانی طلبا کی جدید تربیت کی درخواست کی تھی، اللہ کے فضل و کرم سے بہت جلد طلبا و طالبات کا پہلا بیچ زراعت کے شعبے میں جدید تربیت کےلئے چین روانہ ہوگا، شہباز شریف نے کہا کہ زرعی شعبے کی جدید تربیت کےلئے چین جانے والے طلبا و طالبات میں 10 فیصد خصوصی کوٹہ بلوچستان کے طلبا کےلئے مختص کیا گیا، چینی قیادت اور چینی یونیورسٹیوں کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے پاکستانی طلبا کو چین میں زراعت کی جدید تربیت کا موقع دیا،اجلاس میں وزیراعظم کو بتایا گیا زرعی شعبے سے تعلق رکھنے والے طلبا و طالبات نے شفاف طریقے سے پورٹل کے ذریعے درخواستیں جمع کرائیں، 1287 درخواستوں میں سے 711 طلبا و طالبات تربیت کے طے کردہ معیار پر پورے اترے،طلبا و طالبات میں بلوچستان اور گلگت بلتستان کے امیدوار بھی شامل ہیں، دو بیچز کو چین بھیجا جائے گا،پہلی کھیپ میں 300 طلبا و طالبات آبپاشی میں بہتری، مویشیوں میں بیماریوں کی تشخیص و نگرانی، مویشیوں کی افزائش نسل و جدید جینیات اور جدید بیجوں کی تیاری و ان کی پراسیسنگ کے شعبوں میں تربیت کےلئے بھیجا جائے گا، طلبا و طالبات کی پہلی کھیپ مارچ 2025 میں چین روانہ ہوگی۔