وکلا کی ملاقات، جلد انصاف کے سورج سے اندھیری رات ختم ہو جائےگی:عمران خان

راولپنڈی (بیورو رپورٹ) بانی پی ٹی آئی سے وکلا نے اڈیالہ جیل میں ملاقات کی، عمران خان نے بشریٰ سے متعلق بھی گفتگو کی،اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کرنے والے وکلا میں قاضی انور، فیصل چودھری، علی اعجاز بٹر، پرویز اقبال، رائے سلمان کھرل شامل تھے،قبل ازیں بانی پی ٹی آئی کی فیملی نے بھی اڈیالہ جیل کے کانفرنس روم میں عمران خان سے ملاقات کی، جس میں 190 ملین پاونڈز کیس پر عدالت کی جانب سے دی گئی سزا سے متعلق بات چیت کی گئی،وکلا کی عمران خان سے ملاقات کے بعد اڈیالہ جیل کے باہر وکیل فیصل چودھری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا بانی پی ٹی آئی سے ملاقات میں مختلف امور پر صلاح مشورہ ہوا، عمران خان نے وکلا سے ملاقات میں بات کرتے ہوئے کہا 26ویں ترمیم نے عدلیہ کا حلیہ بگاڑ دیا ،جو چیز حکومت کےخلاف جائے گی، وہ کیس کسی اور کو ٹرانسفر ہو جائے گا، اس سے صاف شفاف انصاف کا نظام تباہ ہو جائے گا جبکہ پی ٹی آئی آزاد اور مضبوط عدلیہ کے حق میں ہے، ملک میں عدالتیں آزاد ہوں تو پھر 9مئی اور 26نومبر کے حادثات نہیں دیکھنے پڑتے،جو حکومت مسلط کی گئی، اس کے اقدامات آمریت قائم کرنے، عدلیہ کی آزادی و قانون کی حکمرانی ختم کرنے اور پی ٹی آئی کو کرش کرنے کےلئے ہے، جلد انصاف کے سورج سے اندھیری رات کی تاریکی ختم ہو جائے گی، اہلیہ سے متعلق وکلا سے بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا بشریٰ بھی غلامانہ انصاف کے نظام کا شکار ہے،وہ اس نظام کو قبول نہیں کریں گے۔