فارم 45 یا 47 میں فرق ہے تو کوئی ایک صحیح ہوگا، جانچنے کیلئے انکوائری کرنا ہوگی: جسٹس جمال مندوخیل

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) سپریم کورٹ کے آئینی بنچ نے عمران خان کی انتخابی دھاندلی کےخلاف درخواست پر وکیل کو رجسٹرار آفس کے اعتراضات پر تیاری کےلئے مہلت دےدی، جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دئیے فارم 45 یا 47 دونوں میں اگر فرق ہے تو کوئی ایک صحیح ہوگا، فارم کو جانچنے کےلئے پوری انکوائری کرنا ہوگی،جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 6 رکنی بنچ نے سابق وزیراعظم عمران خان کی انتخابی دھاندلی کےخلاف درخواست پرسماعت سماعت کی،وکیل حامد خان نے کہا آرٹیکل 184(3) میں دائرہ اختیار دیا گیا ہے یا نہیں، جسٹس جمال خان مندوخیل نے عمران خان کے وکیل سے مکالمے کے دوران کہا اگر آپ سمجھتے ہیں الیکشن کمیشن جانبدار ہے تو متعلقہ فورم پر جانا چاہیے تھا، ہر امیدوار کے نوٹیفکیشن کےلئے عدالت کو آپ کو بتانا ہو گا، فارم 45 یا 47 دونوں میں اگر فرق ہے تو کوئی ایک صحیح ہوگا، فارم کو جانچنے کےلئے پوری انکوائری کرنا ہوگی،جسٹس علی مظہر نے ریمارکس دئیےحامد صاحب آپ آئندہ سماعت پر تیاری کےساتھ آئیں، وکیل نے مو¿قف اپنایا میں صرف اعتراضات دور کرنے آیا تھا آپ میرٹ پر بات کر رہے ہیں،جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دئیےکیا خیبرپختونخوا سے بلوچستان تک سارا الیکشن ہی غلط تھا؟ ہر حلقے کی علیحدہ انکوائری ہوگی، ہر امیدوار اپنے حلقے کے الزامات کا بتائے گا، پہلے بھی انتخابات دھاندلی کا ایشو اٹھا تھا، انکوائری کےلئے آرڈیننس لانا پڑا تھا،جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کارروائی کا اختیار ہمارے پاس نہیں تھا اس لیے آرڈیننس بنانا پڑا، 184 کے تحت دائرہ اختیارعدالت کا نہیں ہے،وکیل حامد خان نے کہا یہ عدالت کی کمزوری ہے ابھی تک سوموٹو نہیں لے سکی، جسٹس جمال خان مندوخیل نے کہا حامد صاحب آپ سینئر وکیل ہیں، الفاظ کا چناو¿ دیکھ کرکریں،جسٹس امین الدین نے ریمارکس دئیے اعتراضات آپ کی درخواست کو دیکھ کر ہی دور کریں گے، وکیل حامد خان نے کہا جو 8 فروری کو ہوا تھا ہم آج تک بھگت رہے ہیں،ڈپٹی اٹارنی جنرل نے کہا معاملے پر ڈپٹی سپیکر نے بھی ایک کمیٹی بنائی ہے، جسٹس جمال مندوخیل نے کہا ہمارا کمیٹی سے کوئی سروکار نہیں،بعد ازاں عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے وکیل کو رجسٹرار آفس کے اعتراضات پر تیاری کےلئے مزید مہلت دیتے ہوئے سماعت غیر معینہ مدت کےلئے ملتوی کردی۔