اسلام آباد (بیورو رپورٹ) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے حجاج کرام اللہ تعالیٰ کے مہمان ہیں، معاونت میں کسی قسم کی لاپرواہی برداشت نہیں کروں گا،وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت حج 2025 کی تیاریوں کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزراءاحد خان چیمہ، چودھری سالک حسین اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی،اجلاس میں وزیر اعظم کو حج 2025 کی تیاریوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، اجلاس کے شرکاءکو حج فنڈ پر پیشرفت سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا گیا کام حتمی مراحل میں ہے،گزشتہ برس کی طرح رواں سال بھی حجاج کرام کو سمز کی فراہمی پاکستان سے کی جائےگی ، حجاج کی معاونت کیلئے حج موبائل ایپلی کیشن بھی فعال ہے،وزیر اعظم نے حج 2025 میں معاونین حج کے انتخاب کے طریقہ کار، ذمہ داریاں اور دیگر انتظامات پر تفصیلات طلب کرلیں اور حج ڈیوٹی پر اچھی شہرت کے قابل افسران تعینات کرنے کی ہدایت کی،اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا حج 2025 کی تیاری میں کسی قسم کی لاپرواہی قبول نہیں، حجاج کرام کو ہر قسم کی معاونت و سہولت کی فراہمی یقینی بنائی جائے، حج کی تیاریوں کے حوالے سے جامع بریفنگ تیار کرکے آئندہ چند روز میں پیش کی جائے، حجاج کرام کی رہائش اور سفری و دیگر سہولیات کا خاص خیال رکھا جائے ، حجاج کرام کیلئے معاونین کے انتخاب کے طریقہ کار میں شفافیت اور میرٹ کو ملحوظ خاطر رکھا جائے،قبل ازیں وزیر اعظم شہباز شریف نے گوادر ائیرپورٹ سے پروازوں کا سلسلہ شروع ہونے پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا گوادر ائیرپورٹ کا فعال ہونا سی پیک سے پاکستان اور خطے کی ترقی کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرے گا،اللہ کے فضل و کرم سے گوادر کو وسطی و مشرقی ایشیاءاور مشرق وسطی و خلیجی ممالک کے درمیان ایک اہم رابطہ بنانے کیلئے ایک اور سنگ میل عبور کر لیا گیا،گوادر ایئرپورٹ کا فعال ہونا نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے میں مواصلاتی روابط کے فروغ کی طرف ایک اہم قدم ہے،ہم چینی صدر شی جن پنگ اور میاں نواز شریف کے سی پیک کے ذریعے پاکستان و خطے کی ترقی کے مشترکہ عزم کی تکمیل کے مزید قریب پہنچ گئے،دریں اثناءوزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت سی ڈی اے کے امور کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم نے اسلام آباد میں حالیہ بین الاقوامی کانفرنسوں اور دیگر تقریبات کے کامیاب انعقاد پر سی ڈی اے کی کارکردگی کو سراہا، وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کرتے ہوئے کہا جوائنٹ وینچر اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے جدید سہولیات سے آراستہ نئے ہوٹلوں کی تعمیر کےلئے جامع رپورٹ پیش کی جائے، جدید سہولیات کی فراہمی سے ملک میں سیاحت کو فروغ ملے گا، پاکستان میں بین الاقوامی کانفرنسوں کا آغاز ہماری سفارتی محاذ پر کامیابی کی سند ہے،مسلسل محنت سے دوست ممالک کا پاکستان پر اعتماد بحال ہوا، پاکستان میں بین الاقوامی سطح کی کانفرنسوں اور دیگر سرگرمیوں کے انعقاد کیلئے ہوٹلوں، ہسپتالوں اور دیگر سہولیات کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔
حج 2025 کی تیاری میں لاپرواہی قبول نہیں: وزیراعظم، معاونین حج کے انتخاب، ذمہ داریوں سمیت تمام تفصیلات طلب

















