لاہور میں سائیکل اور موٹر سائیکل سواروں کیلئے الگ راستہ مختص

لاہور:(اپنے رپورٹر سے)وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر جدید معیار کی ٹریفک کیلئے انقلابی قدم،لاہور میں سائیکل ، موٹر سائیکل سواروں کیلئے الگ راستہ مختص کر دیا گیا۔

لاہور کی تمام سڑکوں پرمرحلہ وار بائیکر لینز بنائی جائیں گی،لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے شہر میں مخصوص لین کا پائلٹ پراجیکٹ شروع کر دیا،اقدام سے سڑکوں پر حادثات میں کمی اور ٹریفک کی روانی میں بہتری آئے گی،10 کلو میٹر بائیکرز لین کو خوبصورت سبز رنگ سے تیار کیا جا رہا ہے،،مریم نواز نے بائیکرز لین پر تعمیراتی معیار بہترین بنانے کی ہدایت کردی۔

دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں صوبے بھر میں جاری سڑکوں ، ہیلتھ کے ڈویلپمنٹ پراجیکٹس کا جائزہ لیا گیا، صوبائی سیکرٹری تعمیرات و مواصلات سہیل اشر ف نے بریفنگ دی۔

مریم نواز نے تمام مراکز صحت کی تعمیر و بحالی کا پہلا فیز 30جون ،صوبے بھر میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت مالی سال کے آخر تک مکمل کرنے کا حکم اور پی اینڈ ڈی کو اضافی وسائل پیدا کرنے کا ہدف دےدیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا پنجاب بھر میں رابطہ سڑکو ں کی بحالی اور تعمیر و مرمت سے لاکھوں شہری مستفید ہو ں گے، کھیت تا منڈی سڑک کی تعمیر سے معاشی سرگرمیاں بڑھیں گی، نئے ہیلتھ کلینک بننے سے دور دراز علاقوں کے عوام کو صحت کی بہترین سہولتیں میسر ہوں گی، پہلی مرتبہ دیہات کے عوام کو شہروں کے اعلیٰ پرائیویٹ کلینکس کا ماحول ملے گا۔