پاکستان میں جانوروں کے حقوق کیلئے فوری اقدامات کی ضرورت ہے: جسٹس عائشہ ملک

لاہور (کامرس رپورٹر) سپریم کورٹ کی جج جسٹس عائشہ اے ملک نے کہا ہے کہ انسانوں کے ساتھ ساتھ جانوروں کے حقوق بھی بہت اہم ہیں لیکن اس پر کوئی بات نہیں کرتا، جانوروں کے ساتھ ناروا سلوک کرنے والوں کے خلاف سخت سزا ہونی چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے انٹرنیشنل اینیمل اینڈ انوائرمینٹل رائٹس کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہر جاندار چیز کو بغیر خوف کے زندگی گزارنے کا پورا حق ہے۔ پاکستان میں جانوروں کے حقوق کیلئے فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔ جسٹس عائشہ اے ملک نے کہا کہ کرونا میں سب نے انسانوں کا خیال کیا مگر جانوروں کو سب بھول گئے انہوں نے کہا کہ جیسے انسانوں کو صاف پانی اور ماحول کی ضرورت ہے، جانوروں کو بھی انہی چیزوں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایسے لیگل فریم ورک کی ضرورت ہے جو تمام جگہوں پر جانوروں کے حقوق کی بات کرے۔ جسٹس عائشہ اے ملک نے مزید کہا ک ایسی تنظیمیں جو اس پر کام کر رہے ہیں ایک اچھا اقدام ہے ۔ جسٹس عائشہ اے ملک نے ٹولنٹن مارکیٹ میں جانوروں کی صورتحال پرتشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ آوارہ کتوں کو مارنے کے کیس میں کسی کو نہیں پتہ تھا کہ کس قانون کے تحت کتوں کو مارا جاتا ہے صرف بتایا گیا کہ ریبیز کی وجہ سے کتوں کو مارا جا رہا ہے صرف یہی بتایا گیا جو قابل قبول نہیں ہم نے ریبیز کو روکنا ہے مگر کتوں کو مار کر نہیں۔ کانفرنس سے لاہور ہائیکورٹ کے جج جسٹس جواد حسن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عدالتوں نے جانوروں پر بولنا شروع کردیا ہے نبی کریم نے آخری خطبے میں بنیادی حقوق دیئے پاکستان نے جانوروں کے بین الاقوامی قوانین پر دستخط کئے ہیں۔ جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس اطہر من اللہ نے جانوروں اور موسمیاتی تبدیلی پر فیصلے دیئے ہیں۔ جسٹس جواد حسن کا کہنا تھا پنجاب حکومت نے جانوروں کے شکار پر پابندی لگائی ہے میری عدالت کے دروازے بے زبان جانوروں کیلئے کھلے ہیں۔ کانفرنس سے لاہور ہائیکورٹ بار کے صدر اسد منظور بٹ، ابوذر سلمان نیازی، بلقیس بانو وردگ، سنیتا گلزار، احمد ملک اور آرگنائزر التمش سعید نے بھی خطاب کیا۔