نوجوان نسل کو سوشل میڈیا کے مثبت استعمال کی طرف راغب کرنا ضروری ہے: کمشنر ساہیوال

ساہیوال (بےورو رپورٹ) صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری کی خصوصی ہدایت پر نوجوانوں میں سوشل میڈیا کے مثبت استعمال کے بارے میں آگہی کیلئے ساہیوال آرٹس کونسل اور بارانی انسٹیٹیوٹ آف سائنسز کے درمیان ایک معاہدے پر دستخط، تعاون کی اس دستاویز پر ڈائریکٹر ڈاکٹر سید ریاض ہمدانی اور سی ای او میاں ساجد نے دستخط کئے۔ یہ خصوصی تقریب کمشنر آفس میں منعقد ہوئی جس میں کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید مہمان خصوصی تھے۔ اس میمورنڈم آف انڈرسٹینڈنگ کا مقصد آرٹس کونسل اور اعلیٰ تعلیمی اداروں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانا ہے تاکہ نوجوانوں کو سوشل میڈیا کے مثبت استعمال کی طرف راغب کیا جائے اور اس اہم میڈیا کے منفی اثرات کو کم کیا جا سکے اور جسے سماج دشمن عناصر سوشل میڈیا پاکستان کے نظریاتی ساکھ اور معاشرے میں انتشار پھیلانے کیلئے استعمال کررہے ہیں جسے روکا جانا نہایت ضروری ہے۔ کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید نے اس معاہدے کو وقت کی ضرورت قرار دیتے ہوئے ہدایت کی کہ نوجوانوں کی اخلاقی و معاشرتی تربیت کیلئے اس تعاون کو مزید مضبوط کیا جائے۔دریں اثناءکمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا کا مثبت استعمال وقت کی اہم ضرورت ہے اور اسے صرف تفریحی مقاصد کیلئے ہی مختص نہیں رکھا جانا چاہیے۔ نوجوان نسل کی سوچ کو بہتری اور اصلاحی بنانے اور انہیں معاشرے میں رواداری اور بھائی چارے کے فروغ کا سبب بننے میں سوشل میڈیا کے ذریعے انہیں رہنمائی فراہم کی جانی چاہئے۔ انہوں نے یہ بات اپنے دفتر میں ساہیوال آرٹس کونسل کی جانب سے صوبہ پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار نوجوانوں میں ٹک ٹاک بنانے کے ہونے والے مقابلوں کے سلسلے میں تیاری اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اس اچھوتے مقابلے کا خیال ڈائریکٹر ڈاکٹر سید ریاض ہمدانی نے پیش کیا جبکہ تکنیکی معاونت بارانی انسٹیٹیوٹ آف سائنسز ساہیوال مہیا کرے گی۔ اجلاس میں دونوں اداروں کے سربراہان ڈاکٹر سید ریاض ہمدانی اور میاں ساجد نے ایک میمورنڈم آف انڈرسٹینڈنگ پر بھی دستخط کئے۔ ان مقابلوں میں 13سے 30سال تک کے سٹوڈنٹس اور نوجوان حصہ لیں گے۔ اس اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز عقیل اشفاق، سٹار X کے سی ای او سلمان حبیب، سی ای او ایجوکیشن راحیلہ جمیل اور پرنسپل گورنمنٹ گرلز کالج سمیرا نسیم نے بھی شرکت کی۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے کہا کہ دور جدید میں سوشل میڈیا ایٹم بم سے بھی زیادہ خطرناک ہتھیار ہے جسے ملک دشمن قوتیں پاکستان کو نقصان پہنچانے کیلئے استعمال کر رہی ہیں۔ ساہیوال آرٹس کونسل کا یہ آئیڈیا تازہ ہوا کا ایک جھونکا ہے جس سے نہ صرف نوجوان نسل کی تربیت ہوگی بلکہ پاکستان کا مقدمہ بھی عالمی سطح پر لڑا جا سکے گا۔ انہوں نے ان مقابلوں میں بھرپور تعاون کرنے پر بارانی انسٹیٹیوٹ آف سائنسز کے سی ای او میاں ساجد کی خدمات کو سراہا۔