جنگ بندی معاہدے کے باوجود اسرائیلی حملے، 73 فلسطینی شہید

غزہ،تل ابیب:(مشرق نیوز)جنگ بندی معاہدے کے باوجود اسرائیلی حملے، 73 فلسطینی شہید ہوگئے،فضائی حملے بے گھر فلسطینیوں کے پناہ گزین کیمپوں پر کیے گئے،شہدا میں خواتین،بچے بھی شامل ہیں۔

غزہ کی سول ڈیفنس ایجنسی کے مطابق اسرائیل نے غزہ پٹی کے مختلف علاقوںکو نشانہ بنایا۔

ادھر اسرائیلی کابینہ نے جنگ بندی معاہدے کی منظوری نہیں دی، نیتن یاہو نے الزام عائد کیا حماس آخری وقت میں معاہدے سے پیچھے ہٹ رہی ہے،حماس رہنما نے کہا حماس اپنی باتوں پر قائم ہے۔

دریں اثنا 15 ماہ ایک ہفتے تک جاری جنگ میں اسرائیل نے غزہ پر 85 ہزار ٹن بارود برسایا ،47 ہزار سے زائد فلسطینیوں کی نسل کشی ، ایک لاکھ 15 ہزار کو زخمی کیا گیا،تباہ عمارتوں اورگھروں کے ملبے سے ہزاروں لاپتہ فلسطینیوں کی لاشیں ملنے کا خدشہ ہے ،20 لاکھ فلسطینی اجڑے گھروں کو لوٹنے کے منتظر ہیں۔

جنگ میں حماس سربراہ اسماعیل ہنیہ کو تہران ،دوسرے سربراہ یحییٰ سنوار کوغزہ میں شہید کیا گیا،سوا سال دنیا لفظی سفارتکاری سے کام چلاتی رہی،امریکہ نے اسرائیل کا کھلا ساتھ دیا،دوسری جانب غزہ میں جنگ بندی معاہدے کے بعد امدادی سامان کی ترسیل شروع ہوگئی۔