ہر شہری کو کم لاگت رہائش کی فراہمی کیلئے بھرپور اقدام کریں گے،وزیراعظم

اسلام آباد: (بیورورپورٹ)وزیر اعظم شہباز شریف نے پی ڈبلیو ڈی و دیگر غیر فعال اداروں کی تحلیل سے کرپشن میں کمی پر اطمینان کا اظہار اور وفاقی حکومت کے کم لاگت گھروں کے جاری منصوبوں کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا سرکاری ملازمین ،عوام کیلئے تعمیر کئے جانےوالے منصوبوں کیلئے بین الاقوامی شہرت یافتہ تعمیراتی کمپنیاں منتخب کی جائیں،تعمیراتی منصوبوں کیلئے کمپنیوں کا انتخاب شفاف طریقہ کار و میرٹ پر کیا جائے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاتعمیراتی منصوبوں کو معینہ مدت میں مکمل کیا جائے،پاکستان کے ہر شہری کو کم لاگت رہائش کی فراہمی کیلئے ہر ممکن اقدام کریں گے،بیرون ملک سے آئے مہمانوں کیلئے بین الاقوامی معیار کے ہوٹلز،ہسپتال و دیگر سہولیات قائم کی جائیں گی،شہبازشریف نے وزارت ہاوسنگ سے بین الاقوامی معیار کی سہولیات کیلئے جامع پلان طلب کر تے ہوئے قومی ہاوسنگ پالیسی کی مارچ تک تشکیل مکمل کرکے منظور کرانے کی ہدایت کردی۔

شہبازشریف نے کہاملازمین کو موجودہ سرکاری گھروں کی الاٹمنٹ کے نظام کی ڈیجیٹائزیشن خوش آئند ہے،شہریوں کو کم لاگت گھروں کی فراہمی کے منصوبوں میں کرپشن کی کمی کیلئے اصلاحات کا عمل جاری ہے،حکومتی کوششوں سے پاکستان کا عالمی منظر نامے پر تشخص بحال ہوا ،ملک میں بین الاقوامی کرکٹ دیگر کھیل اور عالمی کانفرنسز کا انعقاد ہو رہا ہے،وزارت کے تحت جاری عوامی رہائشی منصوبوں کو جلد مکمل کیا جائے تاکہ ورکنگ کلاس کو جلد کم لاگت رہائش میسر ہو۔