کرم،بگن،پشاور:(مشرق نیوز،بیورورپورٹ)کرم میں مورچوں کی مسماری موخر،ایک اور امدادی قافلہ سخت سکیورٹی میں بگن پہنچ گیا۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق ٹل سے بگن متاثرین کو صوبائی حکومت کی جانب سے مزید 7 امدادی ٹرک بھیجے گئے، امدادی سامان میں کمبل، ٹینٹ، کچن سیٹ و مختلف اشیا شامل ہیں۔
ادھر ڈپٹی کمشنر کرم کی جانب سے لوئر کرم کے گاوں خار کلی ، بالش میں مورچے مسمار کرنے کا عمل موخر کر دیا گیا، کوہاٹ امن معاہدے کے مطابق یکم فروری تک ضلع میں تمام مورچے مسمار کیے جائیں گے۔
پاراچنار ٹل مین شاہراہ ہر قسم کی آمد و رفت کیلئے بند ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے،مظاہرین نے کہابگن متاثرین کیلئے ریلیف پیکیج،نقصانات کا ازالہ کیا جائے، مطالبات ماننے تک دھرنا جاری رہے گا۔
دریں اثنا پارا چنار میں راستوں کی بندش کےخلاف انجمن تاجران نے پیر کو ہڑتال کا اعلان کردیا ،صدر ٹریڈ یونین نے پارا چنا ر نے کہا تمام کاروباری مراکز اور دکانیں بند رہیں گی،کوہاٹ امن معاہدے پر عمل درآمد نہیں ہورہا ،ہر ادارے کا دروازہ کھٹکھٹایا مناسب جواب نہیں ملا۔
دوسری جانب کرم کےلئے خیبر پختونخوا حکومت کی ہیلی کاپٹر سروس کا سلسلہ جاری ہے،ترجمان وزیراعلیٰ نے کہا5پروازوں میںادویات و ضروری سامان اورمریض منتقل کیے گئے،114 افراد کو ایئر ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کی گئی۔
کرم ، مورچوں کی مسماری موخر،ایک اور امدادی قافلہ بگن پہنچ گیا

















