دھی رانی پروگرام 51 شادیوں کے اجتماعی تقریب سے لانچ، ایک ارب مختص

لاہور:( اپنے رپورٹر سے)دھی رانی۔۔۔۔ سب کی سانجھی،وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پاکستان کا پہلا”پنجاب دھی رانی پروگرام“ لانچ کر دیا،لاہور کے بہترین میرج ہال میں 51 اجتماعی شادیوں سے آغاز ،نوبیاہتا جوڑوں میں 5کرسچن دلہا دلہن اور ایک سپیشل جوڑا بھی شامل تھا۔

مریم نواز نے تقریب میں موجود نوبیاہتا جوڑوں کوفرداً فرداً مبارکباد دی،دلہنوں کو پیار ، اظہار شفقت کیا اور دعائیں دیں،تقریب میں مولانا ڈاکٹر مفتی رمضان سیالوی اور بشپ لاہور ندیم کامران نے باری باری دعائیں کرائیں،نو بیاہتا دلہا دلہن کو وزیر اعلیٰ کی طرف سے بیڈ میٹرس، کھانے پکانے ، ڈنر سیٹ و دیگر سامان کے تحائف دئےے گئے،دھی رانی پروگرام سلامی کارڈ کی لانچنگ کی،ہر دلہن سے اظہار شفقت کرتے ہوئے دھی رانی سلامی کارڈ بھی دیا۔

دھی رانی سلامی کارڈ کے ذریعے ہر نوبیاہتا جوڑا ایک لاکھ سلامی حاصل کر سکے گا، دلہا دلہن اور تقریب کے شرکا کو محکمہ سوشل ویلفیئر کی جانب سے پرتکلف ظہرانہ دیا گیا، وزیر اعلیٰ نے نوبیاہتا جوڑوں کے ساتھ گروپ فوٹو بنوایا ،تحفہ کے طور پر ملنے والے سامان کا معائنہ کیا،پنجاب میں رواں سال مجموعی طورپر 3000اجتماعی شادیاں کرائی جائیںگی، پہلے مرحلے میں 1500اجتماعی شادیاں کرائی جا رہی ہےں،مریم نوازکی ہدایت پر”پنجا ب دھی رانی پروگرام“ کےلئے ایک ارب کی خطیر رقم مختص کردی گئی۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازنے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ”دھی رانی پروگرام“ کے تحت موجود بیٹیوں ، بیٹوں، والدین اور اہلخانہ کو دل کی گہرائیوں سے شادی کی مبارکباددیتی ہوں ،اللہ تعالی آپ کو ہمیشہ خوش رکھے، دعا کےساتھ میں بیٹیوں اور بیٹوں کی خوشیوں میں شامل ہونے کےلئے آئی ہوں،اللہ تعالی میرے بیٹیوں ، بیٹوں کو آباد و شاد رکھے، نئی زندگی کی شروعات میں برکت ڈالے،دکھ سکھ کا ساتھی بنائے۔

مریم نواز نے کہا بیٹیوں ،بیٹوں کی شادی میں شمولیت جذباتی لمحہ ہے، بے حد خوش ہوں ،جتنے آپ کے والدین خوش ہیں، آپ خوش ہوں، میں بھی آپ کی ماں ہوں، میں بھی خوش ہوں،اللہ تعالی میرے بیٹیوں ،بیٹو ں کو سکھ وچین والی زندگی دے۔