ساہیوال: (بےورورپورٹ)کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سیدنے کہا ہے معاشرے میں رواداری اور بھائی چارے کے فروغ میں مقامی فنکاروں اور آرٹسٹوں کا اہم کردار ہے جن کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جانی چاہیے، فنکاروں کی صلاحیتوں کو عوام میں اجاگر کرنے میں آرٹس کونسلز کا اہم کردار ہے تاکہ دنیا پاکستان کا مثبت تاثر حاصل کرے۔ انہوں نے یہ بات ساہیوال آرٹس کونسل میں مقامی فنکاروں اور آرٹسٹوں کی تخلیقیات کے ڈسپلے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں ڈویژن بھر کے نامور آرٹسٹوں کے فن پارے اور تخلیقات رکھی گئی ہیں۔ اس موقع پر ڈائریکٹر ساہیوال آرٹس کونسل ڈاکٹر سید ریاض ہمدانی، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز محمد عقیل اشفاق، ڈائیریکٹر بارانی فاونڈیشن ڈاکٹر آمنہ ساجد، اسسٹنٹ ڈائریکٹر الیاس اکبر سگھلہ، زمان، اللہ دتہ، فرزانہ منظور، یونس انصاری، اصغر مغل، عبدالمتین، غلام مصطفی مغل جی اور فاطمہ حسین بھی موجود تھے۔
ڈائریکٹر ساہیوال آرٹس کونسل ڈاکٹر سید ریاض ہمدانی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیلری میں برتن سازی، گڑیا سازی، کھسہ سازی، چنگیر سازی، جیوٹ آرٹ، لیکر آرٹ، پینٹنگز اور کیلی گرافی پر مشتمل فن پارے رکھے گئے ہیں جبکہ مقامی ادیبوں کی کتب کےلئے علیحدہ گیلری بھی قائم کی گئی ہے، گیلریوں کے قیام میں بارانی انسٹیٹیوٹ آف سائنسز کے سی ای او میاں ساجد نے بھرپور تعاون کیا ہے، کتابوں کی خصوصی گیلری کے قیام کا مقصد ادب سے جڑے افراد کی تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کےلئے سازگار ماحول فراہم کرنا اور نوجوانوں کو علم و ادب سے روشناس کرانا ہے تاکہ مقامی علمی ورثے کو محفوظ کیا جا سکے۔
کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید نے ساہیوال آرٹس کونسل کی طرف سے مقامی فنکاروں اور تخلیق کاروں کی کاوش کو محفوظ کرنے کی کاوش کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا شہروں کےساتھ ساتھ دوردراز علاقوں میں مقیم نوجوانوں کی حوصلہ افزائی وقت کی ضرورت ہے تاکہ ان کی چھپی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کےلئے انہیں پلیٹ فارم مہیا کیا جا سکے،شعیب اقبال سید نے نوجوانوں پر زور دیا وہ اپنی صلاحیتوں کو پہچانیں اور ایسے فن بارے تخلیق کریں جو ذریعہ روزگار بھی بن سکیں، ساہیوال ایک مردم خیز خطہ ہے جہاں ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے تخلیق کار موجود ہیں جن کی بھرپور حوصلہ افزائی معاشرے کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔ بعد ازاں اوکاڑہ کے معروف فنکار غلام مصطفے مغل جی نے کمشنر شعیب اقبال سید کو ان کی ھاتھ سے بنائے پورٹریٹ کا تحفہ پیش کیا۔
دوردراز علاقوں میں مقیم نوجوانوں کی حوصلہ افزائی وقت کی ضرورت ہے،کمشنر ساہیوال

















