اسلام آبا د:(بیورورپورٹ)آئینی بنچ کی رکن جسٹس مسرت ہلالی نے ریمارکس دئیے ملٹری کورٹ ٹرائل اے پی ایس جیسے مجرموں کیلئے تھا، کیا تمام سویلینز سے وہی برتاو کیا جاسکتا ہے؟جسٹس جمال مندوخیل نے کہاکہا جاتا پارلیمنٹ سپریم ہے، میرے خیال میں آئین سپریم ہے۔
جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں 7 رکنی آئینی بنچ نے سویلینز کے فوجی عدالتوں میں ٹرائل کیس پر سماعت کی،وزارت دفاع کے وکیل خواجہ حارث نے دلائل کا آغاز کرتے ہوئے موقف اپنایا عدالتی فیصلے کی بنیاد آرٹیکل 8(5) اور 8(3) ہے، دونوں ذیلی آرٹیکلز یکسر مختلف ہیں، یکجا نہیں کیا جا سکتا۔
جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دیئے آپ کانکتہ سمجھ آ چکا اب آگے چلیں اور بقیہ دلائل مکمل کریں،جسٹس علی مظہر نے خواجہ حارث سے استفسار کیا آپ جسٹس منیب کی ججمنٹ سے پیراگراف پڑھ رہے تھے وہی سے شروع کریں، آرٹیکل 233 بنیادی حقوق کو تحفظ فراہم کرتا ہے،جسٹس جمال خان مندوخیل نے کہا آئین کے مطابق بھی رولز معطل ہوتے ہیں ختم نہیں، آرٹیکل 5 کے مطابق بھی رائٹس معطل نہیں ہو سکتے۔
خواجہ حارث نے کہا آرٹیکل 233 کے 2 حصے ہیں ایک آرمڈ فورسز دوسرا سویلینز کا،وکیل خواجہ حارث نے سویلین کا ملٹری ٹرائل کالعدم قرار دینے والا فیصلہ پڑھا اور کہا ایف بی علی کیس میں طے پا چکا تھا سویلین کا بھی فوجی عدالت میں ٹرائل ہو سکتا ہے، اکثریتی فیصلے میں آرٹیکل آٹھ تین اور آٹھ پانچ کی غلط تشریح کی گئی،جسٹس جمال مندوخیل نے کہا دیکھتے ہیں آپ سے اتفاق کریں یا نہ کریں،وکیل خواجہ حارث نے کہا غلط تشریح کی بنیاد پر کہہ دیا گیا ،ایف بی علی کیس الگ نوعیت کا تھا، ایف بی علی پر ریٹائرمنٹ کے بعد ٹرائل چلایا گیا جب وہ سویلین تھے، فیصلے میں کہا گیا جرم سرزد ہوتے وقت ریٹائر نہیں تھے اس لئے کیس الگ ہے۔
جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دیئے موجودہ کیس میں 9 مئی والے ملزم تو آرمڈ فورسز سے تعلق نہیں رکھتے، آج کل ایک اصطلاح ایکس سروس مین کی ہے یہ ایکس سروس مین بھی نہیں تھے، چلیں صرف شہری کی اصطلاح استعمال کرتے ہیں،جسٹس جمال مندوخیل نے استفسار کیا آرمی ایکٹ میں سویلینز کا ٹرائل کیا جا سکتا ہے یا نہیں؟ کیا صرف مخصوص شہریوں کیلئے تھا؟ خواجہ حارث نے کہا عام تاثر مختلف ہے، جسٹس جمال خان مندوخیل نے کہا عام تاثر کو چھوڑ دیںبتائیں سویلینز کا ٹرائل ہوسکتا ہے یا نہیں؟۔
جسٹس مسرت ہلالی نے ریمارکس دیئے سویلین کا ملٹری کورٹس میں ٹرائل اے پی ایس جیسے مجرموں کیلئے تھا، کیا تمام سویلین سے وہی برتاو¿ کیا جا سکتا ہے جیسا اے پی ایس سانحہ میں کیا؟ پاکستان کا آئین معطل نہیں،وکیل خواجہ حارث نے جواب دیا بنیادی حقوق رہتے ہیں جس پر عدالتی فیصلے موجود ہیں،جسٹس علی مظہر نے سوال کیا انٹرنیشنل پریکٹس کیا ہے، کیا آپ کے پاس کوئی مثال ہے؟خواجہ حارث نے کہا میرے پاس مثالیں موجود ہیں آگے چل کر بات کروں گا۔
جسٹس علی مظہر نے کہا پہلے شیڈول میں بھی کوئی قانون ہے اس کو بھی آپ نہیں چھیڑ سکتے ،خواجہ حارث نے کہا یہ بھی اہم ہے موجودہ قانون میں لاگو ہوگا،جسٹس جمال مندوخیل نے کہا ہمارے بہت سے جوان شہید ہوتے ہیں ان پر حملہ کرنے والوں کا بھی کیا ملٹری ٹرائل ہوگا؟۔
خواجہ حارث نے کہا کیس میں یہ نہیں دیکھ رہے مستقبل میں کن لوگوں کا ٹرائل ہو سکتا ہے،جسٹس نعیم اختر افغان نے خواجہ حارث سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا خواجہ صاحب لگتا ہے آپ کی تیاری مکمل نہیں ،5رکنی بنچ نے آرمی ایکٹ کی کچھ دفعات کالعدم کیں اگر ہم بھی دفعات کو کالعدم رکھیں پھر تو سویلین کا خصوصی عدالتوں میں ٹرائل ہو ہی نہیں سکتا اگر کسی اور نتیجے پر پہنچیں تو طے کرنا ہوگا کون سے سویلین کا خصوصی ٹرائل ہوسکتا ہے اب آفیشل سیکرٹ ایکٹ میں 2023 میں ترمیم بھی ہو چکی ،ترمیم کی روشنی میں بتائیں، جسٹس جمال مندوخیل نے فوجی چوکی کی مثال دے کر سوال اسی لئے پوچھا تھا۔
جسٹس جمال مندوخیل نے کہا پارلیمنٹ کا اختیار بلاشبہ ہے قانون بنائے کیا کیا چیز جرم ہے، پارلیمنٹ چاہے تو کل قانون بنا دے ترچھی آنکھ سے دیکھنا جرم ہے، جرم کا ٹرائل کہاں ہوگا وہ عدالت قائم کرنا بھی پارلیمنٹ کی آئینی ذمہ داری ہے، آئین پاکستان پارلیمنٹ کو اختیار اور ذمہ داری دیتا ہے، کہا جاتا ہے پارلیمنٹ سپریم ہے، میرے خیال میں آئین سپریم ہے،جسٹس علی مظہر نے کہا چند سوالات سامنے آئے ،جواب خواجہ حارث سے لیں گے،عدالت نے سماعت ملتوی کردی۔
سماعت کے اختتام پر پی ٹی آئی رہنما حسان نیازی کے والد حفیظ نیازی روسٹرم پر آئے، عدالت نے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو روسٹرم پر بلا لیا،ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے رپورٹ عدالت میں پیش کرتے ہوئے کہاسانحہ 9 مئی کے 27 مجرموںمیں2رہا ہو چکے، پنجاب کی جیلوں میں اب 25 مجرم ہیں، تمام مجرموں کو یکساں حقوق فراہم کئے جا رہے ہیں، 10 روز میں 2بار اہلخانہ کی ملاقات کرائی جا چکی ہے، گھر سے کھانا بھی مل رہا ہے۔
حفیظ نیازی نے کہا ملاقات کرائی گئی مگر ماں، باپ اور بہن بھائی کے علاوہ کسی سے نہیں ملنے دیا گیا، قیدیوں کو عام قیدیوں کی طرح باہر نہیں نکلنے دیا جاتا،جسٹس علی مظہر نے ریمارکس دیئے آپ خود تسلیم کر رہے ہیں ملاقات بھی ہو رہی گھر کا کھانا بھی مل رہا ہے، آپ اور کیا چاہتے ہیں؟ باتوں کو اتنا بڑھا چڑھا کر کیوں پیش کیا؟جسٹس جمال خان مندو خیل نے ریمارکس دیئے میں خود بھی 14 روز جیل میں رہا ہوں، صبح نماز کے بعد باہر چھوڑ دیا کرتے تھے، کچھ قیدی کھیل وغیرہ بھی کھیلتے تھے۔
جسٹس علی مظہر نے جسٹس جمال خان مندو خیل سے کہا صرف آپ کیلئے خصوصی رعایت دیتے ہوں گے،ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نے موقف اپنایا جیل میں تمام قیدیوں کو حقوق ملتے ہیں،جسٹس مسرت ہلالی نے ریمارکس دیئے قیدیوں کو باہر نکلنے دیں، دھوپ لگوانے دیں، اس میں کیا مسئلہ ہے؟ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے کہا باہر بھی نکلنے دیں گے، تمام قیدیوں کا خیال بھی رکھا جائے گا۔
ملٹری کورٹ ٹرائل اے پی ایس جیسے مجرموں کیلئے تھا، کیا سویلینز سے وہی برتاو کیا جاسکتا ہے؟ آئینی بنچ

















