یونان کے قریب ایک اور کشتی سمندر برد،متعدد افراد ڈوب گئے،23پاکستانی بچ نکلے


ایتھنز،اسلام آباد،گوجرانوالہ:(مشرق نیوز،بیورورپورٹ)یونان کے قریب ایک اور کشتی سمندر برد،متعدد افراد ڈوب گئے،23پاکستانی بچ نکلے۔

تارکین وطن کی 2 کشتیاں یونان پہنچنے کی کوشش کر رہی تھیں،ایک میں 71 ،دوسری میں 36 افراد سوارتھے،بچ جانے والے 36 افراد میں 23 پاکستانی بھی شامل ہیں، عمریں 20 سے 22 سال کے درمیان ہیں۔

یونانی کوسٹ گارڈ نے بچ جانے والے تمام افرا کو حراست میں لے لیا ،3 سوڈانی ، 23 پاکستانی، 9 بنگلہ دیشی اور ایک مصری شامل ہے،یونانی حکام نے 22، 20، 21 اور 21 سال کی عمر کے 4 نوجوانوں کو مبینہ سمگلروں کے طور پر گرفتار کر لیا،تارکین وطن کو غیر قانونی طور پر پیسے کے عوض لیبیا کے شہر تبروک سے یونان منتقل کرنے کاالزام ہے۔

دوسری جانب ایف آئی اے نے بدنام زمانہ انسانی سمگلر سمیت مزید6ملزموں کو گرفتار کرلیا،کارروائیاںجلال پور جٹاں ،گوجرانوالہ، سیالکوٹ، منڈی بہاالدین اور گجرات کے مختلف علاقوں میں کی گئیں،ملزم سادہ لوح شہریوں کو غیر قانونی طور پر بیرون ملک بھجوانے میں ملوث پائے گئے۔